دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مقبوضہ کشمیر: محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نظر بند

التجا مفتی کو اپنے دادا مرحوم مفتی محمد سعید کے بجبہاڑہ میں واقع مزار پر حاضری کی کوشش کے پیش نظر نظر بند کیا گیا

سرینگر:

سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو جمعرات کے روز اس وقت نظر بند کر دیا گیا جب انہوں نے جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں واقع سابق وزیر اعلی اور اپنے دادا مرحوم مفتی محمد سعید کے مزار پر حاضری دینے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق التجا مفتی کو بجبہاڑہ جانے سے روکے جانے کے بعد پولیس نے جمعرات کی سہ پہر کو ہونے والی ان کی پریس کا نفرنس کو ناکام بنایا اور گپکار میں واقع ان کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کیا گیا جبکہ کسی بھی صحافی کو رہائش گاہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو جمعرات کے روز گپکار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر نظر بند رکھا گیا۔ التجا مفتی کو اپنے دادا مرحوم مفتی محمد سعید کے بجبہاڑہ میں واقع مزار پر حاضری کی کوشش کے پیش نظر نظر بند کیا گیا کیونکہ انہوں نے اس کے لئے اجازت نامہ حاصل نہیں کیا تھا۔
پی ڈی پی ذرائع نے بتایا کہ التجا مفتی کو دن کے ڈھائی بجے ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کرنا تھا جس کے پیش نظر ان کی گپکار رہائش گاہ کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کیا گیا اور کسی بھی صحافی کو رہائش گاہ کے نزدیک جانے نہیں دیا گیا۔
التجا مفتی نے بتایا کہ دادا کے مزار پر حاضری دینے کا سیاست سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے لیکن مجھے ایسا نہیں کرنے دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ‘بجبہاڑہ جانے کے سلسلے میں نے پولیس کے ساتھ رابطہ کیا، میں نے ان سے کہا کہ میں اپنے دادا کی برسی کے پیش نظر ان کے مزار پر حاضری کے لئے جانا چاہتی ہوں۔ پولیس نے ضلع مجسٹریٹ سے اجازت طلب کرنے کو کہا لیکن جب میں نے ضلع مجسٹریٹ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے میرا فون ہی نہیں اٹھایا۔
قابل ذکربات یہ ہے کہ مرحوم مفتی محمد سعید کی چوتھی برسی 7 جنوری کو ہے۔ مفتی سعید کا 7 جنوری 2016 کو اس وقت نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز)میں انتقال ہوا جب وہ ریاست میں پی ڈی پی – بی جے پی مخلوط حکومت کی بحیثیت وزیر اعلی قیادت کررہے تھے۔ محبوبہ مفتی کے والد مرحوم مفتی محمد سعید کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا کہ وہ ملک کے پہلے مسلم وزیر داخلہ بنائے گئے تھے۔
سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی، جو پانچ اگست سے مسلسل نظر بند ہیں، کا ٹویٹر ہینڈل کو بھی التجا مفتی ہی ہینڈل کررہی ہیں۔ التجا مفتی اپنی ماں کے ٹویٹر ہینڈل سے اکثر ٹویٹ کرتی ہیں۔

About The Author