نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے بعد کراچی کے کتنے دورے کئے؟

عمران خان کی طرف سے کراچی میں ترقیاتی کام کروانے کے لئے 25 ارب اور حیدر آباد کے لئے 5 ارب کے فنڈز کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان آج ایک بار پھر کراچی کے دورے پر پہنچ رہے ہیں ۔ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک وزیراعظم کراچی کے تین دورے کر چکے ہیں۔ شہر کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔ دو مرتبہ خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا لیکن نہ تو کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع ہوا ۔اور نہ ہی پچھلے دور حکومت میں شروع کیا گیا کوئی منصوبہ مکمل ہوا ۔

وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد عمران خان پہلی بار کراچی آئے تو۔۔ شہر کے مسائل کو سو دن میں حل کرنے کے لئے کیا اقدامات اٹھانے ہوں گے اس بات کا فیصلہ کرنے کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی بنائی گئی اور پھر سو دن بھی گزر گئے۔

پھر رواں سال مارچ کے مہینے میں وزیر اعظم کے دوسرے دورہ کراچی میں وزیر اعظم نے باغ ابن قاسم کا افتتاح کیا اور کراچی ٹرانسفارمشن کمیٹی کی جانب سے کاغذات پر موجود منصوبوں کی تکمیل کے لئے 162 ارب کے پیکج کا اعلان کیا
لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو جائے۔

متحدہ قومی مومنٹ کے اصرار پر کراچی میں ترقیاتی کام کروانے کے لئے 25 ارب اور حیدر آباد کے لئے 5 ارب کے فنڈز کا اعلان بھی کیا گیا۔لیکن اس اعلان پر بھی تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

اکتوبر میں وزیر اعظم پاکستان کا تیسرا دورہ کراچی گو کہ خاصا مختصر تھا لیکن اس ملاقات میں شہر کے تاجر نمائندوں نے گورنر سندھ سے ملاقات کی اور درپیش مسائل سے اپنے تحافظات سے آگاہ کیا۔

بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی پر مشتمل ایک اسٹریٹجک کمیٹی بھی بنائی گئی جو کہ آئین کے آر ٹیکل ایک سو انچاس کے استعمال کے ایک بیان کے بعد سے تاحال غیر اعلانیہ طور پر غیر فعال ہے

About The Author