دسمبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے گرفتار

بھارت میں شہری ترمیمی ایکٹ کے خلاف ملک کی تمام ریاستوں اور یونیورسٹیز و کالجز میں زبردست احتجاج جاری ہے

اترپردیش،

بھارتی ریاست اترپردیش میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے پر ایس ایس پی نے سخت کاروائی کی ہے۔
ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھن میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے کے الزاز میں ایس ایس پی کلا ندھی نیتھانی نے سخت کاروائی کرتے ہوئے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں پہلا کیس لکھن کے حضرت گنج تھانے علاقے میں فواد ولد شوکت علی خان ویبھوتی کھنڈ گومتی نگر کے رہنے والے کا ہے۔دوسرا کیس غازی پور میں سدن علی ولد عمران علی اندرا نگر کا جبکہ تیسرا معاملہ تھانہ ڈالی گنج میں ڈاکٹر علیم اللہ خان ولد مشتاق حسین تاتار پر کا ہے۔ پولیس نے ان تینوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے، تاہم ایس ایس پی نے پہلے ہی لوگوں کو آگاہ کردیا تھا کہ کوئی بھی کسی طرح کی افواہ یا غیر ذمہ دارانہ پوسٹ سوشل میڈیا پر نہ لکھیں، ورنہ سخت کاروائی کی جائے گی۔

پولس نے سوشل میڈیا کمپنیوں سے افواہ پھیلانے والوں کی تفصیلات مانگی ہیں۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ، جعفرآباد اور سیلم پور میں پر تشدد مظاہروں پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے پولس نے واٹس ایپ سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے افواہ پھیلانے والوں اور فیک ویڈیو ڈالنے والے لوگوں کی تفصیلات دینے کے لئے کہا ہے۔

پولس احتجاجی مظاہرہ کے دوران ڈرون کی فوٹیج کے جائزہ اور دیگر ایجنسیوں کی مدد سے بھی احتجاجی مظاہروں کے دوران تشدد کرنے اور لوگوں کو اکسانے والوں کی شناخت کررہی ہے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع نے القمرآن لائن کو بتایا کہ دہلی پولیس سوشل میڈیا پر خود بھی سخت نگرانی رکھ رہی ہے اور سوشل میڈیا کمپنیوں کو بھی قابل اعتراض پوسٹ اور ویڈیو پر نظر رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے قابل اعتراض پوسٹ اور ویڈیو کا جائزہ لیا جارہا ہے جس سے ملزموں کی شناخت کی جاسکے۔ لوگوں کو اکسانے اور گمراہ کرنے والے پوسٹ کون بھیج رہا ہے اس کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے۔ اس معاملہ میں کچھ لوگوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور دیگر کا عمل جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دارالحکومت میں ڈرون کی مد د سے مختلف علاقوں پر نظر رکھی جارہی ہے اور ڈرون سے لی گئی تصاویر اور ویڈیو کی فوٹیج کا باریکی سے تجزیہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ اس کام میں کتنے ڈرون کی مدد لی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجدھانی میں آج صورتحال پرامن اور کنٹرول میں ہے۔ کہیں سے بھی تشدد کی خبر نہیں ہے۔ شمال مشرقی دہلی کے کچھ علاقوں میں احتیاطا دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔ ان میں ہرش وہار اور سونیا وہار وغیرہ کچھ علاقے شامل ہیں۔ پولس کے سینئر افسر لوگوں اور امن کمیٹیوں سے ملاقات کرکے بات چیت کررہے ہیں۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے کہاکہ جامعہ میں آج بھی کچھ لوگوں نے جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

بھارت میں شہری ترمیمی ایکٹ کے خلاف ملک کی تمام ریاستوں اور یونیورسٹیز و کالجز میں زبردست احتجاج جاری ہے، اور ادیب حکومت کی جانب سے ملنے والے ایوارڈز لوٹا رہے ہیں، اور تمام بھارتی میں ناسازگار صورتحال ہے۔

About The Author