دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بی آر ٹی اور مالم جبہ سے متعلق ریفرنسز تیار ہیں، چیئرمین نیب

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ادارے کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے ادارے نے 382 ارب روپے ریکور کیے

اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے بس ریپڈ ٹرانزٹ(بی آر ٹی) اور مالم جبہ اراضی کیس کیخلاف ریفرنس تیار ہیں لیلکن عدالتی حکم امتناع کے باعث ایکشن نہیں لے رہے۔

وفاق دارالحکومت اسلام آباد میں کرپشن کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک  تقریب کے دوران خطاب میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ کیسز میں عدالتی حکم امتناع ختم ہونے پر ایکشن لیا جائے گا۔ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداروں سے کہوں گا ملکی مفادات کو مدنظر رکھیں۔

جاوید اقبال نے کہا ہمیشہ کہا جاتا رہا کہ نیب کا رخ ایک طرف ہے لیکن اب  ہوا کا رخ بدلنے لگا ہے آپ چند ہفتوں میں محسوس کریں گے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہمارا گٹھ جوڑ صرف پاکستان کے ساتھ ہے، نیب فیس نہیں، کیس کو دیکھتا ہے، 2،2 گھنٹے پریس کانفرنس کرنے کا فائدہ نہیں ہوگا، اپنا دفاع مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا ہمیشہ کہاجاتا ہے نیب کی وجہ سے ہم کام نہیں کررہے، بتائیں نیب نے ایسا کیا کیا ہے؟ دیانتداری سے کام کریں،نیب کی جرات نہیں کہ آپ کی طرف دیکھے۔ جواپنےگریبان میں نہیں جھانکے گا پھرنیب تو جھانکے گا۔ ہماری کسی سے دوستی یا دشمنی نہیں، جو کرے گاوہ بھرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ریاست مدینہ کا خوبصورت خواب پیش کیا اب حکومتی وزرا کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ریاست مدینہ بنا رہے ہیں۔ریاست مدینہ اس لیے کامیاب ہوئی کہ کسی کو کسی پر فوقیت نہیں تھی۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو  نے کہا کہ نیب کی جنگ صرف کرپشن نہیں بلکہ نظام کےخلاف ہے، قانون سازی کے بغیر قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی، قانون سازی میں پارلیمنٹ کو فعال کردار ادا کرنا ہے۔

تقریب میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ 2017کےبعد کوئی اثرورسوخ اوردھمکی  نیب کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا، ماضی میں کسی میں ہمت نہیں تھی کہ پوچھا جائے ایسا کیوں کیا؟ لیکن اس  حکومت نے نیب کے معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں ترقی کے باوجود کرپشن میں بھی ترقی ہوئی، کرپشن کے مکمل خاتمے کا دعویٰ نہیں کرسکتے، معاشرے میں خوبصورت یابدصورت شکل میں کرپشن موجود ہے۔ کرپشن کا خاتمہ صرف نیب نہیں بلکہ ہرشہری کی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ادارے کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے ادارے نے 382 ارب روپے ریکور کیے، 2017کے بعد نیب میں مداخلت کو ختم کیا گیا۔ 2017سے اب تک 153ارب روپے کی ریکوری ہوئی۔

About The Author