نومبر 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مقبوضہ کشمیر: شہر کی سب سے بڑی عبادت گاہ جامع مسجد میں مسلسل 18ویں جمعہ نماز کی اجازت نہیں دی گئی

تاریخی جامع مسجد میں مسلسل 18 ویں جمعہ کو بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سرینگر ،

مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کے نواحی علاقے نوہٹہ میں واقع چھ سو سالہ قدیم اور وادی کی سب سے بڑی عبادت گاہ کی حیثیت رکھنے والی تاریخی جامع مسجد میں مسلسل 18 ویں جمعہ کو بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

حکام نے جمعہ کے روز جامع کے گرد و پیش سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا اور جامع کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کرد یا گیا ۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق جامع مسجد کو حریت کانفرنس (ع)کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی سرگرمیوں کا گڑھ مانا جاتا ہے جہاں وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ایک مخصوص خطبہ دیتے ہیں اور علاوہ ازیں بڑے موقعوں جیسے شب قدر، معراج العالم وغیرہ کے موقعوں پر وعظ بھی دیتے ہیں۔

وادی کے اطراف واکناف میں جمعہ کے روز بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہی، بازار بند رہے، تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل متاثر رہی تاہم نجی گاڑیوں کی جزوی نقل حمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے 5 اگست کو دفعہ 370 کو ختم کر کے جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام خطوں میں تقسیم کیا۔اس فیصلے کے چند گھنٹے قبل انتظامیہ نے وادی کشمیر میں سخت ترین پابندیاں عائد کی تھیں۔انتظامیہ کی جانب سے پابندیاں ہٹانے کے بعد غیر اعلانیہ ہڑتال کا سلسلہ شروع ہوا جو ابھی تک جاری ہے۔

About The Author