دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مشرف غداری کیس، ہائیکورٹ کے احکامات ماننے کے پابند نہیں، خصوصی عدالت

خصوصی عدالت نے دوران سماعت سرکاری وکیل سے کہا کہ پرویز مشرف 5دسمبر سے پہلے کسی بھی دن آکر اپنا بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں


اسلام آباد: پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 5دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

خصوصی عدالت نے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ 5 دسمبر تک پراسیکیوشن ٹیم مکمل کریں اور تیاری کرکے آئیں 5 دسمبر کے بعد مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ہم ہائیکورٹ نہیں، صرف سپریم کورٹ کے احکامات ماننے کے پابند ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سےپرویز مشرف کیخلاف محفوظ فیصلہ سنانے سے روکے جانے کے بعد سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی۔

سماعت جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے سرکاری وکیل کی طرف سے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم نے بریت کی درخواست دائر کررکھی ہے.

جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے ہمارے احکامات نہیں پڑھے، ہائیکورٹ نے آپ کو 5 دسمبر تک پراسیکیوشن تعینات کرنے کا حکم دیا ہے، ہم 5 دسمبر کے بعدآپ کو مزید وقت نہیں دیں گے، پانچ دسمبر کے بعد سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے ہم ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند نہیں، ہم صرف سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں، ہم ہائی کورٹ کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

خصوصی عدالت نے کہا کہ پرویز مشرف 5دسمبر سے پہلے کسی بھی دن آکر اپنا بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں، پانچ دسمبر کے بعد کوئی درخواست نہیں لیں گے، سنگین غداری کیس کی سماعت اب 5دسمبر کو ہوگی۔

About The Author