دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سنگین غداری کیس:پرویز مشرف کے ٹرائل سے متعلق وفاق کی درخواست منظور

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا وفاقی حکومت اس مقدمے میں دلچسپی ہی نہیں لے رہی اور نہ پرویز مشرف کے خلاف کیس چلانا چاہتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کو فیصلہ جاری کرنے سے روکنے سے متعلق وفاقی درخواست منظور کرلی گئی ۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ ‏خصوصی عدالت پرویز مشرف کی بریت کی درخواست کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

حکومت کو 5دسمبر تک نئے پراسکیوٹر مقرر کرنے کا حکم دیا گیاہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف پرویزمشرف کی درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ ہمارے سامنے اس شخص کا مقدمہ ہے جس نے عدلیہ پر وار کیا اور اشتہاری بھی ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بہت مشکل کیس ہے، اس سب کے باوجود ہم نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے ہیں۔ بینچ کے رکن جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ مذکورہ کیس مزاحیہ بھی ہے، پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ کے مستعفی ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے ایک سال سے کوئی نئی تقرری نہیں کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا وفاقی حکومت اس مقدمے میں دلچسپی ہی نہیں لے رہی اور نہ پرویز مشرف کے خلاف کیس چلانا چاہتی ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے سماعت کے دوران کہا کہ جسٹس وقار سیٹھ، جسٹس نذیر اکبر اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل خصوصی عدالت 4 اکتوبر 2019 کو تشکیل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت قانون کے نمائندے یہ فائل لے کر باہر چلے گئے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ کو اتنے سالوں بعد معلوم ہوا کہ وفاقی حکومت کی داخل کردہ شکایت درست نہیں، اگر ایسا ہے تو آپ اپنی شکایت واپس لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ باہر جا کر بیان دیں کہ ہم مشرف کے خلاف درخواست واپس لے رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بینچ سماعت کی ۔ بیچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی بھی شامل تھے۔

خصوصی عدالت کا فیصلہ رکوانے کے خلاف پرویز مشرف کے وکیل سلیمان صفدر اور وزارت داخلہ کی جانب سے دراخوستیں دائر کی گئیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کا آگاہ کیا 20 نومبر 2019 کو خصوصی عدالت کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ نوٹیفکیشن گزٹ آف پاکستان میں پبلش ہو گیا تھا ؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا یہ ہمیں کنفرم نہیں ہو سکا۔ سیکرٹری قانون کی غیرحاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 30 منٹ میں اصل ریکارڈ کیساتھ پیش ہونے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ عدالت میں دائر کردہ دونوں درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کو سنگین غداری کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔

وزارت داخلہ نے اپنی عرضی میں مؤقف اپنا کہ پرویز مشرف کو صفائی کا موقع ملنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے روکا جائے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ نئی قانونی ٹیم تعینات کرنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے روکا جائے اور خصوصی عدالت کا غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم نامہ معطل کیا جائے۔

خیال رہے کہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس سننے والی 3 رکنی خصوصی عدالت نے 19 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا تھا۔

خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی اور فریقین سے 26 نومبر تک تحریری دلائل بھی طلب کر رکھے تھے۔

About The Author