دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعلیٰ پنجاب کی امریکی سفیر سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔

لاہور:

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے امریکہ کے سفیر پال جونز کی ملاقات ہوئی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں،

یہاں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بانی پاکستان کے ویژن کے مطابق نیا پاکستان تعمیر کررہے ہیں، ایسا پاکستان جہاں سب کے لئے یکساں انصاف ہو،

تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں ہوں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر قیادت متوازن حکمت عملی کے ذریعے نئے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کو محور بنا کر ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں تاریخی مقامات اور تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں اور اسی سلسلے میں لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ کو پورے پنجاب میں توسیع دی گئی ہے جبکہ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کی مؤثر پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی پر کام شروع ہوچکا ہے، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے نئی جامعات بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کے لئے 9 نئے اسپتال بنائے جا رہے ہیں، ان کی تعمیر سے نو ہزار بستروں کا اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کرتارپور راہداری کھولنے پر حکومت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے راہداری کھول کر دنیا کو ایک مثبت پیغام دیاہے۔ امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈ ریگز اور اور پولیٹیکل و اکنامک چیف بیری جنکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

About The Author