نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس میں واضح کیا کہ جس نے بھی ملک کے پیسے کھائے ہیں اس کو حساب دینا ہوگا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہوگئی ہے اور وہ صرف اپنی خفت مٹا رہے ہیں۔

ذرائع  کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

باوثوق دارذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کا مسئلہ صرف عمران خان ہے  اور اسے ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کا بھی خوف ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ ترجمانوں نے وزیراعظم سے پارٹی فنڈنگ کیس کے حوالے سے دریافت کیا تو انہوں ںے نہایت پراعتماد لہجے میں کہا کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں ہے لہذا مطمئن رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں اثاثوں کی تفصیلات بتا چکا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈز کے آڈٹ ہوچکے ہیں لہذا فکر نہ کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالت کا فیصلہ تسلیم  کیا۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں جس فلیٹ پر قیام کیا اس کی ملکیت تک ثابت نہ کر سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن بیٹوں نے استقبال کیا وہ پاکستان میں اشتہاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ساتھ گیا اس کے بیٹے اور داماد اشتہاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملکی معیشت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں دن بدن بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو خوف ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی تو ان کی باریاں ختم ہو جائیں گی۔

ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ میں اپنے مؤقف اور نظریے پہ ڈٹ کر کھڑا ہوں اور تنہا اس مافیا کا مقابلہ کروں گا۔

اجلاس میں چیئرمین نیب کے بیان کا بھی تذکرہ ہوا تو وزیراعظم نے کہا کہ میں احتساب کا حامی ہوں خواہ وہ اپوزیشن کا ہو یا پھر حکومت کا۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے جس کا چاہے بلاتفریق احتساب کرے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس میں واضح کیا کہ جس نے بھی ملک کے پیسے کھائے ہیں اس کو حساب دینا ہوگا اور حکومت کسی بھی طرح احتساب کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔

About The Author