دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

گلوکار ابرار الحق کی بطور چیئرمین انجمن ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر اللہ نے کہا قانون میں موجود رول کے ہوتے ہوئے حکومت کیسے چئیرمین کو ہٹاسکتی ہے؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے گلوکار ابرار الحق کی بطور چیئرمین انجمن ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے دیاہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی حکومت کی ایک اور تعیناتی پر حکم امتناع جاری کر دیاہے۔

چیف جسٹس  اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے حکم دیاکہ
آئندہ سماعت تک ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا،

انجمن ہلال احمر کےچئیرمین سعید الہی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرکے انتیس نومبر تک جواب طلب کرلیا گیا ہے ۔

اٹارنی جنرل، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، ابرار الحق و دیگر کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ۔

اٹارنی جنرل انور منصور بغیر نوٹس کے عدالت کے سامنے پیش ہوگئے۔

جسٹس اطہر نے ریمارکس دئیے کہ ابھی تو نوٹس بھی نہیں ہوئے اور اٹارنی جنرل موجود ہیں۔پہلے کیس بتائیں میں نے فائل نہیں پڑھی،قانون بتائیں کہ کیا یہ تعیناتی خاص مدت کی تقرری ہوتی ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے کہا مینیجنگ باڈی نے رولز بنائے ہیں جس کے مطابق چئیرمین کا تقرر تین سال کے لیے ہو گا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا چئیرمین کو ہٹانے کا طریقہ کہاں لکھا ہے؟

وکیل درخواست گزار نے جواب دیا رولز میں چئیرمین کو ہٹانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل سے پوچھا قانون میں تو مینیجنگ باڈی نے رولز بنائے کیسے اس کو عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے، رول دس اے کے تحت چئیرمین کو برطرف تو نہیں کیا جاسکتا۔

اٹارنی جنرل نے جواب دیا ایگزیکٹو کے پاس اختیار ہے کہ کسی وقت بھی چئیرمین کو برطرف کردے۔چئیرمین کی برطرفی کا نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا۔چئیرمین کے خلاف کوئی الزام نہیں اس لیے ان کو کوئی نوٹس نہیں کیا گیا۔

جسٹس اطہر اللہ نے کہا قانون میں موجود رول کے ہوتے ہوئے حکومت کیسے چئیرمین کو ہٹاسکتی ہے؟

عدالت نے فریقین سے مفصل جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت انتیس نومبر تک ملتوی کردی

About The Author