دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے ۔

حکومتی ہدایات کے باوجود مہنگائی کا تناسب کم نہ ہوسکا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ میں حکومتی ہدایات کے باوجود مہنگائی کا تناسب کم نہ ہوسکا،پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نا کام،ڈپٹی کمشنر کی کاوشیں بے سود، بااثر تاجر مہنگائی کم کرنے سے گریزاں،شہری حلقوں کا حکومت خیبر پختونخوا، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہرو گردونواح کے علاقوں میں مصنوعی مہنگائی نے غریب افراد کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ ڈیرہ شہر میں بااثر تاجروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے مہنگائی کو فروغ دینے میں مصروف ہیں۔ٹماٹر،لہسن،ادرک،آلو،پیاز،بھنڈی،کدو،توری،ٹینڈے، کریلے،آلو سمیت دیگر تمام سبزیوں کے نرخ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں جبکہ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔شہر میں سیب کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ جبکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی غریب آدمی کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہوگئیں ہیں۔ضلعی انتظامیہ بااثر تاجروں کے گوداموں کو چیک کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کیوجہ سے بااثر تاجروں نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے جینے کا حق چھین لیا ہے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تاجروں کے گوداموں کو چیک کروایا جائے تاکہ گرانفروشی اور خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ہو سکے۔


فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں پولیس اہلکار شہید
ڈیرہ اسماعیل خان(غنچہ نیوز)تھانہ درابن کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے اندھا دھندگولیاں برسا کر تھانہ درابن پولیس کے اے ایس آئی غفار کوشہید کر دیا ملزمان موقع سے فرار، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پہنچ گئی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ درابن میں شعبہ انوسٹی گیشن میں تعینات اے ایس آئی غفار سکنہ پوٹہ درابن بازار میں واقع کرایہ کے کمرے کے اندر موجود تھا کہ نامعلوم ملزمان نے وہاں آکر اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ہو گئے ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس زرائع کے مطابق فائرنگ تیس بور پسٹل سے کی گئی ہے ۔پولیس نے موقع سے پسٹل کے بارہ خول سمیت دیگر شواہد موقع سے اکٹھے کیے ۔پولیس نے واقعہ کی مذید چھان بین شروع کر دی ہے۔


مفرور اشتہاری ملزمان کی پولیس پر اندھادھند فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پنیالہ کے علاقہ وانڈہ بڈھ کے قریب پہاڑی علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران مفرور اشتہاری ملزمان کی پولیس پر اندھادھند فائرنگ ، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے پہاڑی علاقہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روپوش ہوگئے ،پانچ افراد کے خلاف اقدام قتل ،پولیس پر فائرنگ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ۔پنیالہ پولیس نے علاقہ ووانڈہ بڈھ میں خطرناک مفرور اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر وہاں موجود پہاڑی علاقہ میں چھاپہ مارا ،اس دوران وہاں خیمہ زن ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہیں اس پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے ۔تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان پہاڑی علاقہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاں سے فرا رہونے میں کامیا ب ہوگئے ۔پولیس نے ملزم فضل الرحمٰن ولد شیرین خان قوم کٹہ خیل سکنہ وانڈہ کریم درکھان سمیت پانچ افراد کے خلاف اقدام قتل اور پولیس پر حملہ آور ہونے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔


دستی بم اور دیگر غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے ملزم گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ میں کاروائی کے دوران دو دستی بم اور دیگر غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے ملزم گرفتارکرلیاگیا ۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کلاچی پولیس نے گاﺅں ٹکواڑہ میں کامیاب کاروائی کے دوران ملزم ہارون سکنہ کڑی ملنگ سے تلاشی کے دوران2دستی بم، 7کارتوس اور 3خالی میگزین برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے ملزم کیخلاف 5Exp/15AAکے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔


بدنام زمانہ منشیات فروش سے تین کلو گرام سے زائد چرس برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) منشیات فروشوں کیخلاف کاروائی کے دوران ڈیرہ ٹاﺅن پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش اقبال سکنہ بہاری کالونی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3کلو گرام سے زائد چرس اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی 4ہزار روپے کی نقدی برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کے دوران ڈیرہ ٹاﺅن پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش اقبال سکنہ بہاری کالونی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3کلو اور 2سو گرام چرس اور منشیات کی فروختگی سے حاصل شدہ 4ہزار روپے کی نقدی برآمد کرکے منشیات فروش ملزم اقبال کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔


اندھے قتل کا ڈراپ سین ،ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مقتول کو بے رحمی سے قتل کیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ کینٹ کی حدود میں گرڈ روڈ پر سحر اقبال سدوزئی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ،ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مقتول کو بے رحمی سے قتل کیاگیا ،پولیس نے چھان بین کے دوران کے دور ان قتل اور ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان میں سے دو کو گرفتار کرکے چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کر لیا ہے، ایک ملزم عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے میں کامیاب ،ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) فیروز شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی خصوصی ہدایات پر تھانہ کینٹ کی حدود گرین ٹاﺅن میںسحر اقبال سدوزئی سکنہ گرین ٹاﺅن کے قتل اور ڈکیتی کے کیس کو ٹریس کرنے کیلئے جدید سائنسی بنیادوں پر تحقیقات  کا آغاز کیا گیا ۔ پولیس نے مورخہ 27ستمبر2019کو مقتول سحراقبال سدوزئی کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا۔ قتل کے واقعہ کے وقت مقتول سحر اقبال سدوزئی ولد محمد اقبال سکنہ محلہ کھگلاں فقیر حال گرین ٹاﺅن گرڈ روڈ ڈیرہ اپنےموٹر سائیکل پر رات کے وقت گھر جارہا تھا کہ اسے گھر کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور اس کا موٹرسائیکل ساتھ لے گئے،واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایس ایچ او کینٹ فضل رحیم گنڈہ پور، انچارج انوسٹی گیشن انسپکٹر کاشف ستار اور سب انسپکٹر انوسٹی گیشن حبیب الرحمن کی نگرانی میں تحقیقات کے دوران ایک ملزم عمیر عرف مٹھوکو ٹریس کرکے گرفتار کرلیاگیا جس نے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے اپنے دیگر دوساتھیوں شاہد ولد ظہور اور ملزم سلیمان کی بھی نشاندہی کردی ۔اس نے مزید انکشاف کیا کہ ان تینوں نے ڈکیتی کی غرض سے رات کے وقت مقتول سحر اقبال سدوزئی کوروکا اوراس سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی لیکن مقتول کی مزاحمت پر ملزم سلیمان نے مقتول کو پکڑنے کے دوران پسٹل سے فائر کردیا جس سے لگ کر مقتول موقع پر جاں بحق جبکہ اسی فائر سے ملزم سلیمان خود بھی زخمی ہوا اور ہم تینوں مقتول کا موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، پولیس نے کاروائی کے دوران دوسرے ملزم شاہد کنڈی ولد ظہور سکنہ پائی ٹانک حال گرین ٹاﺅن کو گرفتار کیا جس کی نشاندہی پرپولیس نے علاقہ پیزو میں چھاپے کے دوران مقتول کا چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کرلیا۔ گرفتار ملزم عمیر عرف مٹھو عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے میں کامیاب ہوگیا تاہم پولیس تیسرے ملزم سلیمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔


سول ڈیفنس آفیسر کا ڈیرہ سے تبادلہ ،اہلیان علاقہ سراپا احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ایک سال کے قلیل عرصہ میں ایماندار اور محنتی سول ڈیفنس آفیسر کا ڈیرہ سے تبادلہ ،اہلیان علاقہ سراپا احتجاج ،تبادے کے فوری منسوخی کا مطالبہ ۔عدالت سے حکم امتناعی لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے دورمیں نہ صرف دفاتر کی کارکردگی انتہائی ناگفتہ بہ ہے بلکہ اعلی افسران میرٹ اور قوانین کی دھجیاں آڑا رہے ہیں ۔اعجاز احمد سول ڈیفنس آفیسر ڈیرہ جو کہ عرصہ تین سال کے بعد ڈیرہ تعینات کیاگیا کو ایک سال کے بعد ہی ڈیرہ سے نوشہرہ ٹرانسفر کردیاگیاہے۔حالانکہ مذکورہ آفیسر نے ایک سال میں سکول ،کالجز ،گورنمنٹ ملازمین ،پرائیویٹ وملز ملازمین کوتربیت فراہم کرنے کے علاوہ عاشورہ اور میلوں میں کیمپ لگا کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ڈیرہ کے تاجر نمائندہ سہیل اعظمی ،محمد نواز اور راجہ اختر علی کے علاوہ سیاسی ،سماجی حلقوں نے مذکورہ ٹرانسفر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


لواحقین نے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش لینے سے انکار کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)دہشت گردکی لاش لواحقین نے لینے سے انکار کردیا ، پولیس مقابلے کے دوران پروا سرکل میں دہشت کی علامت اور بدنام زمانہ دہشت گرداقبال عرف بالی کھیارہ گرو پ کا اہم کمانڈر اور انتہائی مطلوب دہشت گرد اقبال کھیارہ کاکزن اور دست راست بیس سالہ کفایت اللہ کھیارہ ہلاک ہوکر ا پنے انجام کو پہنچ گیا ، ساتھی دہشت گرد فرارہونے میں کامیاب ،ہلاک دہشت گرد کے قبضہ سے بھاری اسلحہ اور ہینڈ گرنینڈبرآمد، لواحقین کی جانب سے لاش وصول نہیں کی گئی ، دہشت گردوں کے خلاف پولیس پر فائرنگ اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ٹاو¿ن کی حدود میں واقع ظفر آباد نہر روڈ نیو بس اسٹیڈ کے نزدیک مدرسہ خلیفہ صاحب کے قریب سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی اداروں نے خفیہ معلومات کی بناءپر مشکوک سی ڈی موٹر سائیکل پر دو افراد کو روکنے کا اشارہ کیا لیکن موٹرسائیکل سوار پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہوگئے ،پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کا تعاقب کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی ۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک موٹرسائیکل سوار ہلاک جبکہ اس کا ساتھی وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ہلاک ہونے والے موٹرسائیکل سوار کی لاش کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پر ا س کی شناخت بیس سالہ کفایت اللہ ولد محمد اشرف قوم کھیارہ سکنہ گرہ چاہ خان تحصیل پروآ کے نام سے کی گئی جوکہ کالعدم تحریک طالبان بالی کھیارہ گروپ کا نائب کمانڈر اور بدنام زمانہ دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ کا قریبی رشتہ دار اور اس کا دست راست بتایاگیا جبکہ فرار ہونے والے اس کے دوسرے ساتھی کی محمد شعیب کے نام سے تصدیق کی گئی ۔واقعہ کے فوری بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد کے قبضے سے موٹرسائیکل،دستی بم اور دیگر بھاری اسلحہ وایمونیشن برآمد کیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کفایت اللہ کھیارہ کے لواحقین کی جانب سے تاحال اس کی لاش وصول نہیں کی گئی ہے۔سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ نے دہشت گردوں کے خلاف اقدام قتل ،پولیس پر فائرنگ اوردہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔


مصروف ترین سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اندرون شہر کی مصروف ترین سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار۔ سڑکوں پر گہرے گڑھے پڑنے سے شہریوں کی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں۔شہر کی اہم سڑکیں لاوار ث، شہریوں کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ، منتخب ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اندرون شہر کی سڑکیں پچھلے کئی سالوں سے تعمیر ومرمت نہ ہونے کیوجہ سے اور اندرون شہر بھاری گاڑیوں کے داخلے کیوجہ سے جگہ جگہ سے ٹوٹ کر گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے موٹر سائیکلیں چنگ چی رکشے اور گاڑیاں کھٹارہ بنتی جارہی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمے ٹیکس کی وصولی جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن شہریوں کی بنیادی سہولیات کی طرف کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دی جارہی جبکہ منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شہریوں کے مسائل سے مکمل لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے، شہریوں نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیاہے کہ ڈیرہ شہر و مضافاتی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے


شہر کی سڑکوں پر جگہ جگہ لنڈا بازار سج گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر کی سڑکوں پر جگہ جگہ لنڈا بازار سج گئے، سڑکوں پر تجاوزات کی بھر مار،با اثردکانداروں نے سامان دکانوں کے باہر سڑکوں پر پھٹے لگا کر سجا دیئے،سڑکیں تنگ،شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق موسمی تبدیلی کے باعث اندرون شہر کی سڑکوں پر جگہ جگہ لنڈا بازار لگ گئے،بیشتر دکانداروں نے سڑکوں پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، جس سے ٹریفک کے مسائل میں شدید اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوںکا کہنا ہے کہ شہر کی بیشتر سڑکوں پر لنڈا بازار سج گئے ہیں جہاں گرم کپڑوں کی فروخت کا عمل شروع ہو چکا ہے، با اثردکان داروں نے سامان دکانوں کے اندر رکھنے کی بجائے گاہکو ں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کیلئے اپنا سامان دکانوں سے باہر نکال کر سڑکوں پر پھٹے لگا کر سجا دیا ہے،میونسپل کمیٹیکا شعبہ انکروچمنٹ تجاوزات ختم کرنے کی بجائے تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کی پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جس کیوجہ سے اندرون شہر کی سڑکوں پر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں، چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں و مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے ذمہ داران کو متحرک کیا جائے تاکہ اندرون شہر سڑکوں پر قائم ہونے والے تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


بارش کے بعد سردی کا آغاز ہو گیا اور سردی کی شدت بڑھ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی بارش کے بعد سردی کا آغاز ہو گیا اور سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ شہریوں نے گرم ملبوسات پہنا شروع کر دیئے ہیں تاخیر سے آنے والی سردی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے لنڈے بازاروں کا رخ بھی کیا گزشتہ شب سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ علی الصبح تک وقفے وقفے تک جاری رہا جس سے بیشتر نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے اور گندا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا جبکہ بعض مقامات پر پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو ئی بارش کے بعد موسم سرد ہونے کےباعث شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈرائی فروٹس کی دکانوں کا رخ کیا سردی شروع ہونے کے ساتھ ہی شہریوں کی جانب سے چادروں ، سویٹر اور گرم ملبوسات کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ انیں پہننابھیشروع کردیا ہے، بچوں کے لئے موسم گرما کا یونیفارم بھی تبدیل بھی کیا گیا ہے


محکمہ پیرول ایند پروبیشن خیبر پختونخوا نے ملزمان کو پروبیشن پر رہا کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ پیرول ایند پروبیشن خیبر پختونخوا نے اکتوبر 2019 میں ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں 293 ملزمان مختلف نوغیت کے مقدمات میں پروبیشن پر رہا کئے تفصیلات کےمطابق محکمہ پیرول ایند پروبیشن، جو قیدیوں کی اصلاح میں اہم اور موثر کردار ادا کرتا ہے۔ محکمہ کی کارکردیگ میں اب تک کافی بہتری آئی ہے۔محکمہ پروبیشن کے زیر نگرانی ابھی 3673 ملزمان پروبیشن پر ہیں جن میں 3472 مرد، 82 خواتین ، 116 بچے ار 03 بچیاں شامل ہیں۔جس سے جیلوں پر بوجھ کم اور صوبہ خیبر پختونخوا کو ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوتی ہے۔ محکمے کی احسن کارکردگی کی بدولت پروبیشن پر رہا ہونے والے قیدیوں کی تعداد مزیدبڑھ جائے گی جبکہ نئے ضم شدہ اضلاع میں ضلع اورکزئی میں بھی 3 ملزمان پرو بیشن پر رہا ہو چکے ہیں۔ اس امر کا اعلان ڈائریکٹریٹ ا?ف ریکلیمشین اینڈ پروبیشن خیبر پختونخو کی جانب سے کیا گیا۔


غریب عوام کی بھی سن لی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) غریب عوام کی بھی سن لی گئی ،روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاءکے سستے ہونے کا امکان ،میک اپ سامان ،چائے پتی اور الیکٹرانکس اشیاءپر ودہولڈنگ ٹیکس میں چھوٹ ،سرخی پاﺅڈر کے سامان ،جوس ،مشروبات،آئسکریم ،شیونگ کریم ،ٹشو پیپرز ،رئیل پیکنگ میں مصالحہ جات ،منرل واٹر ،پرفیوم ،چائے کی پتی ،سیمنٹ ،شو پالش ،کوکنگ رینج ،فروٹ ،جوسز ،ویجی ٹیبل جوسز ،آئس کریم ،بیوریجز ،مشروبات ،سگریٹ ،ٹائلت سوپ ،ٹائلٹ پیپرز،ٹوتھ پیسٹ ،شیونگ کریم ،پرفیوم،ائیر کنڈیشنر ،ڈیپ فریزر ،ٹیوب لائٹس،بلب ،ٹیلی وژن ،بجلی کے پنکھے ،بجلی کی استری ،واشنگ مشین ،گاڑیوں میں استعمال ہونے والے آئلز ،موٹرسائیکل ،آٹو رکشہ ،رئیل پیکنگ میں فروخت ہونے والے برانڈ بسکٹ ،ٹائلز ،رئیل پیکنگ میں فروخت ہونے والے آٹو پارٹس اور دیگر اشیاء،سیٹوریج بیٹریاں ،ٹائر ٹیوبز کو ود ہولڈنگ ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاءکو صرف تین فیصد ویلیو ٹیکس سے چھوٹ دے دی ہے ۔ان اشیاءکے سستے ہونے کے امکانات ہیں ۔سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے بارہویں شیڈول میں ترامیم کردی گئی ہیں ۔ان ترامیم کے ذریعے سیلز ٹیکس ایکٹ کے تیسرے شیڈول میں شامل جن اشیاءپر سیلز ٹیکس کی ادائیگی پرچون قیمت کی بنیاد پر ہوتی ہے انہیں ویلیو ایڈیشن ٹیکس سے چھوٹ دے دی گئی ہے۔ایف بی آر کے مطابق تیسرے شیڈول میں شامل وہ تمام اشیاءجن پر سیلز ٹیکس کی ادائیگی پرچون قیمت کی بنیاد پر ہوتی رہی ہے اب ان پر تین فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔


آزادی مارچ کے لئے تعینات پولیس اور ایف سی دستوں کی وآپسی شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) آزادی مارچ کے لئے تعینات پولیس اور ایف سی دستوں کی وآپسی شروع ۔جمعیت علماءاسلام (ف) کے آزادی مارچ میں ڈیوٹی کے لئے جانے والے خیبر پختونخوا پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے ۔صوبائی حکومت کے آزدی مارچ میں سرکاری حفاظتی اقدامات پر اب تک چوبیس کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے ہیں ۔خیبر پختونخوا پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کو اسلام آباد میں تعینات کیاگیا تھا جبکہ اسلام آباد میں سوات پولیس کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی تھی جو ہسپتال میں تاحال زیر علاج ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈیوٹی سرانجام دینے کے بعد خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکار کی واپسی گزشتہ روز سے شروع ہوگئی ہے۔۔ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے مختلف دیگر اضلاع کو خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی واپسی شروع ہوگئی ہے ۔دوردراز سے تعلق رکھنے والے اہلکار بھی اپنے آبائی علاقوں کو پہنچ رہے ہیں ۔


ٹماٹر کی درآمد میں تاخیر کے باعث شہر میں ٹماٹر کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) احتجاجی دھرنوں سے ٹماٹر کی درآمد میں تاخیر کے باعث شہر میں ٹماٹر کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ،ٹماٹروں کی بڑی دکانوں اور گوداموں کی سیکورٹی کے لئے اضافی چوکیدار بھی تعینات کردیئے گئے ہیں ۔ڈیرہ اسماعیل خان کی سبزی منڈی میں بھی اضافی چوکیدار تعینات کیے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے باعث ایران سے بھاری مقدار میں ٹماٹروں کی درآمد شروع ہوگئی ہے ۔ایرانی ٹماٹرکی پہلی کھیپ گزشتہ روز پہنچ چکی ہے ۔ایرانی ٹماٹروں کے پہنچنے سے ٹماٹروں کی قیمتوں میں کمی آجائے گی ۔تاہم جمعیت علماءاسلام (ف ) کے دھرنے اور احتجاج کے باعث بلوچستان شاہرائیں بند ہونے کے باعث ٹماٹروں کی خیبر پختونخوا میں سپلائی میں تاخیر کا سامنا ہے اور ٹماٹروں کی سپلائی بروقت نہیں ہورہی جس سے درآمد کنندگان میں شدید تشویش کی لہردوڑ گئی ہے۔


تبلیغی جماعت کی مندوبین پر گیس سلنڈر کے ہمراہ سفر پر پابندی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تبلیغی جماعت کی مندوبین پر گیس سلنڈر کے ہمراہ سفر پر پابندی ،تبلیغی جماعت نے مندوبین پر گیس سلنڈر کے ہمراہ سفر کرنے پر پابندی عائد کردی اور اس سلسلے میں تمام جماعتوں کو مراسلے کے ذریعے باقاعدہ آگاہ بھی کردیاگیا ۔تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذر الرحمٰن کی جانب سے مجلس شوریٰ کی مشاورت کے بعد ملک بھر میں تمام جماعتوں کو مراسلہ جاری کیاگیا ہے۔جس میں درخواست کی گئی ہے کہ آئندہ کوئی بھی جماعت یا ساتھی ٹرین میں سفر کے دوران گیس سلنڈر ساتھ لے کر نہیں جائے گا ۔اس طرح جماعتیں مراکز سے تشکیل پر ٹرین سے رائے ونڈ آئیں وہ بھی گیس سلنڈر ساتھ نہ لائیں ۔

About The Author