دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

دادوضمنی انتخاب:پیپلزپارٹی کے صالح شاہ نے پی ٹی آئی امیدوارکو بھاری ووٹوں سے شکست دیدی

واضح رہے کہ یہ نشست پیپلز پارٹی کے غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور 4 آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل جوہی پر مشتمل صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 86 پرآج ہونے والے  ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے ۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدور صالح شاہ نے میدان مارلیا ہے۔ 

158 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی امیدوار سید صالح شاہ  جیلانی نے 42 ہزار 254 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ پی ٹی آئی امیدوار امداد لغاری 25 ہزار 555 ووٹ حاصل کر سکے۔

واضح رہے کہ یہ نشست پیپلز پارٹی کے غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور 4 آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔

پیپلز پارٹی نے مرحوم ایم پی اے غلام شاہ جیلانی کے بیٹے پیر صالح شاہ جیلانی کو ٹکٹ دیا تھا ۔ صالح شاہ جیلانی اور تحریک انصاف کے امداد حسین لغاری کے درمیان کانٹے کا مقابلہ بتایا جارہاتھا۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 86 دادو 4 جوہی کے 158 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جوبغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

پولنگ کے دوران فوج اور رینجرز کے 1100 جوان اور پولیس کے 1300 اہل کار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہیں۔

ایس ایس پی دادو کے مطابق حلقے میں 158 پولنگ اسٹیشنز میں سے 10 انتہائی حساس اور 62 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ضمنی انتخاب کے سلسلے میں آج ضلع دادو بھر میں عام تعطیل تھی۔

About The Author