دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے ، علی امین گنڈاپور

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ تیزی سے پاکستان کے حق میں ہو رہی ہے۔

اسلام آباد:وفاقی وزیربرائے امور کشمیر علی امین خان گنڈا پور نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے ۔ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت اور آزادی کے لئے آخری حد تک جائینگے۔

علی امین گنڈا پور نے ان خیالات کا اظہار آج کشمیری تھنک ٹینک کشمیر سٹیٹسٹکس سنٹر(KSC) اور ایسوسی ایشن آف ڈسپلیسڈ کشمیری جرنلسٹس کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ۔

علی امین گنڈاپورنے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نجات دلائی ہے ۔

وفاقی وزیر نے گفتگو میں کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات نے تمام کشمیریوں کو متحد کر دیا ہے اور آر ایس ایس اور بی جے پی کاہندوانتہاپسند فاشسٹ ایجنڈاپوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ تیزی سے پاکستان کے حق میں ہو رہی ہے۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے ۔

کشمیری صحافیوں کے وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد سے ہمارا مقبوضہ کشمیر سے رابطہ منقطع ہے،اوربھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔

وفد میں کشمیری تھنک ٹینک کشمیر سٹیٹسٹک سنٹر کے سربراہ رئیس احمد میر، ایسوسی ایشن آف ڈسپلیسڈ کشمیری جرنلسٹس کے سربراہ محمد اشرف وانی، نبی بیگ، خالد شبیر، نعیم الاسد اور ہلال احمد گنائی شامل تھے۔

About The Author