نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

گروپوں سے تنگ صارفین کے لئے سہولت: واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کرادیا

پہلے یہ فیچر بھارت میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اب یہ فیچر آزمائش کے بعد عالمی سطح پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

اکثر دیکھا گیاہے کہ واٹس ایپ صارفین کواس بات سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کوئی اچانک انہیں بغیر پوچھے یا بتائے کسی بھی گروپ میں شامل کر دیتا ہے۔

ایسی صورتحال میں بعض اوقات اس شخص سے تعلق کے باعث  اس گروپ کو چھوڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔ واٹس ایپ نے اپنے نئے فیچر میں اس مسئلے کا حل پیش کر دیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے فیچر سے صارفین کو گروپس کے حوالے سے زیادہ کنٹرول مل جائے گا۔

اس خصوصی فیچر کی بدولت صارفین کو ان کی مرضی کے بغیر کسی گروپ میں شامل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ پہلے یہ فیچر بھارت میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اب یہ فیچر آزمائش کے بعد عالمی سطح پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

اس خصوصی فیچر کے لیے واٹس ایپ کے پرائیویسی سیکشن میں گروپس کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کر کے اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کر کے سیٹنگز مینیو میں جائیں اور اکاﺅنٹ کو سلیکٹ کریں، اس کے بعد پرائیویسی اور پھر گروپس کے آپشن میں جائیں۔ وہاں آپ کے سامنے 3 آپشن ہوں گے۔ ایوری ون، مائی کانٹیکٹس اور مائی کانٹیکٹ ایکسیپٹ۔ ان میں سے آپ کسی بھی ایک آپشن کو منتخب کر سکتے ہیں۔

ایوری ون کو منتخب کرنے کا مطلب ہوگا کہ صارف کو کوئی بھی واٹس ایپ گروپ میں ایڈ کرسکتا ہے۔ مائی کانٹیکٹس نامی آپشن سے اس صارف کے کانٹیکٹس میں شامل افراد اسے کسی گروپ کا حصہ بناسکیں گے جبکہ مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ سے آپ مخصوص افراد کو بلیک لسٹ کر سکیں گے جو آپ کو مختلف گروپس میں شامل کرتے ہوں۔

About The Author