دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ملک میں انصاف کا نظام ظالم کا ساتھ دیتا ہے،بلاول بھٹو زرداری

ملتان ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا تھا کہ آج 2019 میں ہم انصاف ، جمہوریت اور عدلیہ کے لئے سوچ رہے ہیں۔

ملتان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری  نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کا نظام ظالم کا ساتھ دیتا ہے،مظلوم کا ساتھ  نہیں ۔

ملتان ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا تھا کہ آج 2019 میں ہم انصاف ، جمہوریت اور عدلیہ کے لئے سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکلا اور بہادر ججز نے جمہوریت کے لئے مقابلہ کیا، پیپلز پارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔ وکلاء اور بہادر ججز نے انصاف کی بالادستی کے لئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔

بلاول بھٹو نے کہا ،شہید بھٹو نے ملک کو آئین دیا ، آئین بنانے والے کو عدالتوں نے تختہ دار پر لٹکا دیا،صدر زرداری نے 10سال قبل شہید بھٹو عدالتی قتل پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔آج بھی شہید بھٹو کا کارکن فیصلے کا منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ مانے کہ شہید بھٹو بے قصور تھے،عدالت تسلیم کرے کہ ملک کے ہیرو کا عدالتی قتل کیا گیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا  میری والدہ نے عدلیہ کی بحالی کے لئے تحریک چلائی،عوامی حقوق کی خاطر محترمہ بے نظیر بھٹو نے جان دی ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو انصاف نہ ملا تو عام آدمی کو کیسے مل سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا عدلیہ سے اعتبار اٹھ چکا ہے، نئے پاکستان میں نیب کے ذریعے جمہوری قیادت کو نشانہ بنایا جارہا،آمر کے بنائے گئے نیب نے انصاف کا مذاق بنا رکھا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیب چیئرمین نے کہا 5افراد کو پکڑ لوں پی ٹی آئی حکومت گر جائے گی، چند روز بعد ہی چیئرمین نیب کو متنازعہ ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں صحافی آزاد نہیں ہیں، زرداری صاحب 11سال جیل میں رہے ایک بھی کیس ثابت نہ ہوا،آج بھی صدر زرداری جیل میں ہیں، ادارے ایک بھی کیس ثابت نہ کرسکے۔

بلاول بھٹو نے کہا کیسز دوسرے صوبوں کے ہیں اور ٹرائل راولپنڈی میں ہورہا ہے، ،کارکن پوچھتے ہیں ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بی بی کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا ،پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف کیسز بھی پنڈی میں چلائے جارہے ہیں ۔ سمجھ نہیں آتا کارکنوں کو کیا جواب دوں؟

انہوں نے کہا  جب تک ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آتی عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے ،ملک میں جمہوری قوتوں کو آزادی حاصل نہیں ہے، ضیاء آمریت میں اخبارات پر پابندی لگی مذہب کے نام پر بگاڑ پیدا کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا مشرف آمریت میں وفاق کی بنیادی ہلادیں گئیں ،موجودہ سلیکٹڈ حکومت کے ذریعے عوامی حقوق سلب کئے جارہے ہیں ،غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کرکے ہی ملک کو بچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے سپریم کورٹ کے ججز کو نکالا بند کیا، آج بھی سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کو دباؤ میں لانے کے لئے سازشیں ہورہی ہیں ، آزاد عدلیہ کے لئے وکلاء نے پہلے تحریک چلائی اب بھی چلانا ہوگی،

بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہر طبقہ متاثر ہورہا ہے ،موجودہ حکومت عوامی نہیں اس لئے عوام کی فکر نہیں، حکومت عوامی ووٹ سے اقتدار میں آئی ہوتی تو ملک کی فکر ہوتی حکمران اپنے سلیکٹرز کو خوش کررہے ہیں۔

About The Author