دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اورنمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازیخان تونسہ شریف اور اردگرد کے علاقوں سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں

ڈیرہ غازیخان. :وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کمپرسی کی زندگی گزارنے اور علاج کے اخراجات برداشت نہ کرنے کی سکت رکھنے والے ریاض حسین کی بیماری کا نوٹس لے لیا وزیر اعلی پنجاب نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید کو مالی امداد کی ہدایت جاری کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریاض حسین کو تلاش کرایامعلوم ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان بھیجا اور زیر علاج ریاض حسین کی عیادت کرنے کے ساتھ مالی امداد کا چیک دیا

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،ڈسٹرکٹ ناظر نذر حسین کورائی اور دیگر موجود تھے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا کہ مریض حسین کا ٹیچنگ ہسپتال ہر ممکن علاج مفت کرایا جائیگا اور ضروری ادویات فراہم کی جائیں گی ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ ریاض حسین سمیت تمام زیر علاج مریضوں کے علاج معالجہ پرتوجہ دی جائے اور ریاض حسین کی صحت کے بارے باقاعدگی رپورٹ دی جاتی رہے.


ڈیرہ غازیخان. :وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن و ڈیمارکیشن اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بلدیاتی اداروں کی آؤٹر باؤنڈری سے متعلق 500 اپیلیں دس روز کے اندر سنیں اور فیصلے تحریر کئے ڈویژن میں 28 ٹاؤن کمیٹیاں،16 میونسپل کمیٹیاں،15 تحصیل کونسل اور ایک میونسپل کارپوریشن کی حدبندی کیلئے فیصلے تحریر کئے گئے اپوزیشن اور عوام نے بہترین کارکردگی پر کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا.


ڈیرہ غازیخان. :حکومت پنجاب کی ہدایت پر گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ماڈل ٹاؤن ڈیرہ غازی خان میں خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا پرنسپل ادارہ شاہدہ آفتاب نے صدارتی خطاب میں کہا کہ خواتین کو ہراساں ہونے سے بچانے کیلئے اسلام کے اصول کے مطابق باپردہ رہنا ہوگاایسے حالات نہیں بنانے چاہیے جس سے خواتین کو ہراساں کرنے کا موقع ملے

سیمینار سے وائس پرنسپل رابعہ صدیقی،طالبات نورین فاطمہ،فاطمہ بلال اور دیگر نے بھی خطاب کیا تلاوت کلام پاک کی سعادت طالبہ سعدیہ بلال نے حاصل کی.


ڈیرہ غازیخان. : پاک سرزمین پارٹی کے نیشنل کونسل ممبر و صدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے دعوی کیا تھا کہ اگرہمیں جنوبی پنجاب کی عوام نے منتخب کیا تو جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے گا اور اس کی تمام تر محرومیاں ختم کی جائیں گے مگر بدقسمتی سے مزید محرومیاں بڑھ رہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں ڈی جی خان کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر ممبر جنوبی پنجاب کمیٹی شیخ طاہر معراج، ڈویژنل انچارج فیصل راجپوت،شیخ خرم حبیب اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے کرامت علی شیخ نے کہا کہ ADP جنوبی پنجاب کی ٹوٹل مختص بجٹ میں سے 10 سے 15 فیصد استعمال میں کروائی گئی باقی تمام تر فنڈز لاہور واپس منگوا لئے گئے اور تمام تر ڈویلپمنٹ کے جو کام پچھلے ایک سال کے اندر مکمل کرنے تھے جو نہیں ہو رہے کیا یہی تبدیلی آنی تھی ہم یہ سمجھتے ہیں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے وہ واحد حل ہے جو چیئرمین سید مصطفی کمال اور صدر پاک سرزمین پارٹی انیس قائم خانی نے جو سوچ دی ہے کہ ہمیں پاکستان کے پرچم تلے اکٹھے ہونا ہوگا ہمیں آپس میں تمام تر نفرت رنجشیں ختم کرکے ہمیں پاکستانیت کی پرچار کرنی ہوگی کرامت علی شیخ نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ احتجاج کے جمہوری حق پر سوال نہیں کیا جاسکتا لیکن چہرے بدلنے سے تبدیلی نہیں آئے گی ایک وزیراعظم کے جانے یا دوسرے کے آنے سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ پلان آف ایکشن پر بات ہونی چاہیے کہ ملک کو مسائل سے کیسے نکالنا ہے پاک سر زمین پارٹی عوامی مسائل پر سیاست کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں اپنی حق تلفی کے باوجود حکومت کی غیر مشروط حمایت کی اور جب بھی تنقید کرتے ہیں تو مسائل اور ایشوز کی بنیاد پر کرتے ہیں حکومت ہر شعبے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور صرف اعلانات کی حد تک باقی رہ گئی ہے اور پھر ان اعلانات سے بھی مکرا جارہا ہے اگر ایسا ہی چلتا رہا پاکستان میں اور حالات خراب ہو جائیں گے ہمیں باہر سے دشمن کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ہم اندر سے کمزور ہوتے چلے جا رہے ہیں حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف عملی اقدامات کے بجائے صرف ہوائی تیر چلانے کی وجہ سے کرپشن مزید بڑھ چکی ہے، سختی کے نام پر اداروں میں صرف کرپشن کا ریٹ بڑھا ہے۔ سیکرٹری و افسران کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں کہ نیب اٹھا کر لے جائے گا۔ غریب منوں مٹی تلے دب چکا ہے۔ کہیں گڈ گورننس نام کی چیز نہیں، وزیراعظم کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے جنوبی پنجاب شہریوں کے مقدر میں محرومیاں ہی لکھ دی گئی ہے لوگ کچرے، سیوریج کی بندش، کتے کے کاٹنے، ڈینگی، ایڈز، صاف پانی کی عدم دستیابی اور دیگر موذی امراض کے باعث مر رہے ہیں، کوئی پرسانِ حال نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور سوگوار لواحقین کے لیے صبر جمیل کے دعا گو ہیں انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ موجودہ حکمران اپنی نااہلی اور غفلت چھپانے کے لیے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اس قسم کے واقعات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے پاک سرزمین پارٹی کے تمام کارکنان لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں حکمرانوں سے اپیل کرتا ہوں انسانیت کا دامن نہ چھوڑیں، اپنی عاقبت سنواریں شہداء کے جنازوں پر جا کر جو الفاظ ادا کیے گئے انہیں دہرایا بھی نہیں جا سکتا، پاک سرزمین پارٹی اس حکومتی رویے کی مذمت کرتی ہے۔ حادثے کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے، ریلوے کے وزیر اگر سیاسی معاملات پر تجزیہ دینے سے فارغ ہوں تو شاید اپنے محکمے پر بھی نظر ڈال لیں اور اس قسم کے واقعات نہ ہوں۔


ڈیرہ غازیخان. : 44واں سالانہ جلسہ بسلسلہ جشن عید میلاد النبیؐ بعنوان "شفیع الامم”آج 4نومبر بروز سوموار بعد نماز عشاء بلاک یو اور وی کی درمیا نی روڈ پر منعقد ہو رہا ہے جس میں خطیب پاکستان علامہ مفتی محمد عابد جلالی آف لاہور اور علامہ حافظ خبیب احمد جوئیہ خطاب عام فرمائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان.:خانقاہ حبیبیہ نقشبندیہ شاہجمالیہ جامعہ عطاء العلوم نوتک محمید میں پاکستان علماء کونسل ضلع ڈیرہ غازیخان اور ڈویژن ڈیرہ کے رہنماؤں اور قائدین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جماعت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیاتفصیلات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے اس اجلاس کی صدارت اور سرپرستی پیر طریقت رہبر شریعت حضرت مولانا خواجہ پیر اسعد حبیب شاہجمالی نقشبندی مدظلہ سرپرست اعلی پاکستان علماء کونسل پنجاب و ممبر اتحاد بین المسلمین پنجاب نے اور صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان علماء کونسل پنجاب مولانا عزیز اکبر قاسمی نے کی۔

اس اجلاس میں پاکستان علماء کونسل ڈویژن ڈیرہ کے رہنماوں نے جماعت کی کارکردگی اور فعالیت بارے اہم فیصلے کیے اس اجلاس میں مرحوم خطیب مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان علماء کونسل حضرت مولانا عبد الحمید وٹو کیلئے فاتحہ خوانی اور ختم خواجگان ایصال ثواب کیا گیا اجلاس میں مولانا احمد مکی۔مولانا قاری عمران معاویہ قاری قاسم سانگھی مولانا مفتی قاری اکرم حقانی، بھائی کاشف مختیار مولانا شوکت الحق قاری منیر احمد، ضلعی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد عمر فاروق مکی، طلحہ مدنی مولانا نصراللہ قاسمی قاری عطاء اللہ،مولانا عبدالرشید، ضلعی صدر قاری محمد جابر، قاری محمد یوسف جڑھ سمیت کثیر تعداد میں پاکستان علماء کونسل کے رہنماوں نے شرکت کی اس اجلاس میں متفقہ فیصلے کے تحت بلامقابلہ خطیب شیریں بیاں حضرت مولانا نصراللہ قاسمی کو پاکستان علماء کونسل ڈویژن ڈیرہ غازی خان کا سرپرست مقرر کیا گیا اور انکو جماعت میں شمولیت پر مبارک باد دی گئی آخر میں مہمان گرامی نے ملکر ملکی سلامتی کیلئے دعاکی۔


ڈیرہ غازیخان. :جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام عظیم الشان میلاد ریلی نکالی گئی جو کہ گھنٹہ گھربازار سے شروع ہو کر کلمہ چوک، کمیٹی گولائی، مشرف پلانٹ چوک،الفلاح چوک، ٹریفک چوک، پاکستانی چوک،پتھر بازار گنگن روڈ سے گزرتی ہوئی پورے شہر کا چکر لگاکر مرکزی جامع مسجد بلاک نمبر تین پر اختتام پزیر ہوئی ریلی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما ڈاکٹر عمران مصطفےٰ قادری، ڈویژنل صدر قاضی ذوالفقار حسین،ضلعی صدر محمد طفیل صدیقی نے کہا کہ بارہ ربیع اول کا مہینہ رحمتوں و برکتوں کا مہینہ ہے جشن ولادت نبی پاکؐ کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم سردار دو جہان نبیوں کے نبی رسولؐ مقبول کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں اور دنیا آخرت میں اعلیٰ مقام حاصل کریں انہوں نے کہا کہ نبی پاکؐ کی حیات طیبہ مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے بنی پاکؐ کے احکامات پر عمل کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے آج مسلمان اس وجہ سے بے راہ روی کا شکار ہیں کیونکہ ہم نے سیرت نبیؐ پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے نئی نسل کے بھٹکنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ انہیں اسلام اور رسول مقبولؐ کی ہدایت کا علم نہیں ہے دنیاوی کاموں میں مگن ہوکر دین کی باتوں کو چھوڑ بیٹھے ہیں جس کی وجہ سے ہم خسارے میں جا رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ کو پورے جوش وجذبے سے مناکر دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے اس موقع پر شرکاء نے بڑے بڑے بینرز پوسٹرز اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے ریلی میں سٹی صدر نعیم رضا قادری تحصیل صدر محمد ارشاد قادری،سید فرہاد حسین شاہ، قیصر عباس جگنو،ڈویژنل صدر جمعیت علماء پاکستان سردار محمد اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ،محمدنورچشتی محمد افتخار مدنی، محمد سجاد قادری،محمد عمران قادری،محمد سجاد حسین باروی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔


ڈیرہ غازی خان :پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری سابق وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب دو ہفتوں سے ٹڈی دل کی زد میں ہے ہزاروں ایکڑ رقبہ پر کھڑی ہری بھری فصلیںتباہ ہو گئی ہیں لیکن نااہل وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کسانوں کو ٹین بجانے کے بھاشن دینے کے سوا خود کوئی انسدادی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں انہوں نے مزیدکہا ہے کہ بہاولپور ڈویژن سے شروع ہونے والا تین (3) کلو میٹر چوڑا اور دس(10) کلو میٹر طویل ٹڈی دلو ں کا لشکر اپنی راہ میں آنے والی فصلوں کو تباہ کرتا ہوا آگے بڑھتا جا رہا ہے دو روز سے ضلع ڈیرہ غازی خان میں داخل ہو چکا ہے لیکن ابھی تک نہ وفاقی حکومت کے کانوں پر کوئی جوں رینگی ہے نہ ہی پنجاب حکومت نے کوئی انسدادی اقدامات اٹھائے ہیںں حالانکہ  فضائی سپرے کے ذریعے اس آفت پر قابو پایا جا سکتا ہے لیکن حکمران کسانوں کو ٹین کے ڈبے بجا کر اس لشکر کو بھگانے کے بھاشن دینے کے سوا کچھ نہیں کر رہے کیونکہ جنوبی پنجاب ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے

اویس لغاری نے مزید کہا کہ ان دھوکے باز نا اہل حکمرانوں کو اگر کوئی شرم وحیا ہے تو چلو بھر پانی میں ڈوب مر جا نا چاہے ، یہ صوبہ تو کیا بنائیں گے جنوبی پنجاب کو ٹڈی دل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ غریب کسان بے بسی کی تصویر بنے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی ہری بھری فصلیں تباہ ہوتے دیکھ اور آہیں بھر رہے ہیں اویس لغاری نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹڈی دل کے لشکر کے خاتمہ کے لئے فوری فضائی سپرے کرایا جائے دیگر انسدادی اقدامات کئے جائیں اور متاثرہ کسانوں کو فصلات کا معاوضہ دیا جائے۔

About The Author