دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی اسلام آباد ہائیکورٹ آمد

۔ عدالت عالیہ نے انہیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت سے متعلق درخواست کے کیس میں طلب کررکھا تھا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں۔ عدالت عالیہ نے انہیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت سے متعلق درخواست کے کیس میں طلب کررکھا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہو گئے جہاں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے مقدمات کا تعلق نیب سے ہے، جب وہ بیمار ہوئے تو ان کی دیکھ بھال کے لیے پنجاب حکومت نے اپنا فرض ادا کیا ہے، ہم مزید ان کا خیال رکھیں گے

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے سابق وزیراعظم کا خیال رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نواز شریف نے درخواست دائر کر دی لیکن بہت سے بیمار قیدی عدالت سے رجوع نہیں کر سکتے، کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کے لیے راستہ نکالنا چاہتے ہیں۔

عثمان بزدار نے جواب میں کہا کہ وہ خود ایک وکیل ہیں، پنجاب حکومت ایک قانونی پیکج لا رہی ہے جس کے ذریعے جیل اصلاحات کی جائیں گی۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے 8 جیلوں کا معائنہ کیا ہے، وہ دورے پر جہاں بھی جاتے ہیں، جیلوں کی صورتحال کا جائزہ ضرور لیتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے ساڑھے چار ہزار قیدیوں کو رہا کرایا ہے، ہم نے جیل کے قوانین پر کام کیا ہے، پیرول کے معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے قائد شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی۔

پیشی سے قبل ایک صحافی نے سوال کیا کہ نواز شریف سے کوئی ڈیل ہوئی ہے اس پر انہوں نے جواب دیا کہ واپس پر آکر بات ہوتی ہے۔

About The Author