دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان خود ہونگے، احسن اقبال

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کلثوم نواز کی مہلک بیماری کو بھی ڈھونگ اور ڈرامہ کہا گیا تھا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا گیاجو کہ انتہائی شرم ناک ہے۔

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ روز نواز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی جس کے متعلق شام سات بجے ان کے ذاتی معالج نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے مسلسل غفلت کے ساتھ کام لیا جاتا رہا، رات بارہ بجے تک ان کی جانب سے کوئی حرکت نہیں کی گئی، جس کے بعد میڈیکل رپورٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور کارکنان کی جانب سے رد عمل آیا لوگ جب سڑکوں پر نکلے تو حکومتی عملہ حرکت میں آیا۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ  کہا کہ وفاقی مشیر وزیراعظم فردوس عاشق اعوان کی جانب سے انتہائی شرم ناک بیان جاری کیے گئے، ان کی جانب سے بیماری کو بارات اور ڈرامہ کہا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کلثوم نواز کی مہلک بیماری کو بھی ڈھونگ اور ڈرامہ کہا گیا تھا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا گیاجو کہ انتہائی شرم ناک ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب مجھے گولی لگی تھی تب بھی میری تصاویر کو فوٹوشاپ کر کے سوشل میڈیا پر کیچڑ اچھالا گیا، مگر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما مزید کہا کہ نواز شریف کی موجودہ حالت کی تمام تر ذمہ دار حکومت ہے، ڈاکٹرز کے علاوہ انٹرنیٹ پر بھی اس بات کی تسلی کی جاسکتی ہے جب کسی انسان کے پلیٹ لیس کی تعداد بیس ہزار سے کم ہوتی ہے تو اندرونی بلیڈنگ شروع ہو جاتی ہے۔

احسن قبال نے کہا کہ یہ حکومت ملک کیلئے نائن الیون ثابت ہوئی ہے، ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے اس ایک سال میں لئے گئے، ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے کھڑا کر دیا ہے، گزشتہ پانچ سالوں میں ہماری کی جانے والی تمام تر محنت، سی پیک، بجلی کی بحالی، دہشت گردی کا خاتمہ کے بعد ملک میں آنے والی بیرون ممالک کی سرمایہ کاری  ان سب پر پانی پھیر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی پر پر دہ ڈالنے کیلئے نواز شریف سے سیاسی انتقام لے رہی ہے، وزیر اعظم صاحب جب بھی بیرون ممالک دورے پر جاتے ہیں وہاں بات کرتے ہیں کہ نواز شریف کا ٹی وی اور پنکھا بند کردوں گیا کیا دنیا بھر میں کسی بھی ملک میں ایسا ہوا کبھی ؟

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ایک سال میں پاکستانی روپے کی قدر میں اس قدر کمی آئی ہے کہ ایشیا کی وہ سٹاک مارکیٹ جو سب سے بہتر تھی آج سب سے بد ترین بن چکی ہے، تاریخ میں کبھی اتنا ٹیکس شارٹ فال نہیں ہوا جتنا اس سال ہوا ہے، حکومت کی جانب سے جو پالیسیاں بنائی گئی ہیں لوگ اپنا پیسہ بنکوں میں رکھنے کو تیار نہیں یا تو پیسہ ملک سے باہر جا رہا ہے یا زیر زمین، وہ حکمران جو صبح شام دیانتداری کی تسبح کرتے تھے آج ان کی حکومت میں کرپشن عروج پر ہے، رشوت کے ریٹوں میں اضافہ ہو گیا ہے، ملکی معیشت مسلسل پیچھے جا رہی ہے، عمران خان کی حکومت ٹیسٹ ٹیوب حکومت ہے ۔

انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر نواز شریف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمہ داری تمام تر عمران خان پر ہو گی،

مریم اورنگزیب  نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عدنان پر الزام لگایا جا رہا ہے انہوں نے غلط رپورٹ دی، ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے نیب کو بھی خط لکھا تھا، جس پر نیب نے اپنی ٹیم بھجوا کر نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیا،

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گھر بھیجنے کی بات تو پوری عوام کر رہی ہے تو پھر سولہ ایم پی او پورے ملک پر لگنی چاہیے، احسن اقبال نے مزید کہا کہ ستائیس اکتوبر کو یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے اور اکتیس اکتوبر کو باقی جماعتوں کے ساتھ ملکر آزادی مارچ میں بھر پور حصہ لیں گے، اور حکومت کو بھی چاہیے کہ انتخابات کی راہ ہموار کرے،

About The Author