نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پنڈی سے دو تابوت سندھ گٸے ہیں، تیسرے قتل کی سازش ہو رہی ہے، پیپلزپارٹی

سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پرتشویش ہے ،خدانخوستہ آصف زرداری کی زندگی کو نقصان ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہونگے۔

اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ  سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پرتشویش ہے ،خدانخوستہ آصف زرداری کی زندگی کو نقصان ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہونگے۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان ذہنی تسکین کیلیٸے آصف زرداری کو تکلیف دے رہے ہیں ، کٹھپتلی حکومت میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے برعکس کام کر رہی ہے۔ عمران خان کان کھول کر سن لے آصف زرداری جھکنے والے نہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ آصف زرداری کو جیل میں رکھنا انہیں قتل کرنے کے مترادف ہے ،پنڈی سے دو تابوت سندھ گٸے ہیں،  تیسرے قتل کی سازش ہو رہی ہے ،طبی سہولیات آصف زرداری کا قانونی حق ہے انہیں فراہم کیاجائے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران کان سے سوال کیاہے کہ خان صاحب! آپ اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں بند کرکے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے ”بڑی سوچ“ کی ”اعلی مثال“ قائم کر رہے ہیں؟

مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت آپ نے انڈر ٹرائل لوگوں کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا ہوا ہے؟ سیاسی مخالفین پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہونے کے غصے میں آپ نے ان کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا ہوا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی ”بڑی سوچ“ مخالفین کو گالی دینا ، تضحیک کرنا اور عزتوں سے کھیلنا ہے ، لیکن یاد رکھیں عزت دینا اور لینا صرف اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے ۔

مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ سیاسی اسیران دہشت گرد، کلبھوشن، ابھینندن ہیں کہ انہیں عادی مجرموں، قاتلوں کے قید خانوں میں رکھا گیا ہے؟ سلیکٹڈ وزیراعظم کے حواری چوروں، ڈاکووں، جھوٹوں، منی لانڈررز اور غنڈوں کا احتساب کب، کہاں اور کون کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے آٹا، چینی ، سبزی، گوشت، روٹی ، دودھ اور دالیں سستی نہیں ہوں گی ۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے بے روزگاری ، غربت میں کمی اور ترقی کی شرح بڑھ نہیں جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے ایک سال میں تاریخی11000 ارب سے زائدکا قرض چھپ نہیں سکتا۔ سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے آپ کی نالائقی چھپ نہیں سکتی ۔

مریم اورنگزیب نے کہا سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے پشاور میٹرو مکمل نہیں ہوگی ،سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں مل سکتے ۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے عمران خان کا نام لیکر کہا آپ کی ”بڑی سوچ“ نواز شریف اور شہباز شریف سے سیاسی انتقام سے شروع اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے،آپ کی ”بڑی سوچ“ مریم نواز کو بچوں سے نہ ملنے دینے سے شروع ہوکرڈاکٹر سے ملاقات پر پابندی پر ختم ہوجاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  آپ کی ”بڑی سوچ“ نواز شریف کا جیل میں اے سی، کھانا اور ٹی وی بند کرنے سے شروع اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے عمران صاحب آپ کی ”بڑی سوچ“ رانا ثنااللہ پر 21 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنا کر اور ان کو سزائے موت کی چکی میں رکھنے سے شروع اور ختم ہوجاتی ہے ۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا عمران صاحب آپ کی ”بڑی سوچ“ حمزہ شہباز کا کھانا بند کرنے سے شروع اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے ، عمران صاحب آپ کی ”بڑی سوچ“ سعد رفیق ، سلمان رفیق ، شاہد خاقان عباسی ، مفتاع اسمائیل اور کامران مائیکل کو جیلوں میں ڈالنے سے شروع اور ختم ہوجاتی ہے ،آپ  نے جتنے سیاسی مخالفین کو بند کیا ہے، آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔

About The Author