دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بھارتی اقدامات سے پورے خطے میں امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہیں، شاہ محمود

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اطالوی ممبر پارلیمنٹ و چیرمین اطالوی انڈسٹریز ایسوسی ایشن برائے فضائی حدود، سیکیورٹی و دفاع گائیڈو کروسیٹونے ملاقات کی ہے ۔

وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے اطالوی پارلیمینٹرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کو بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ غیر آئینی اقدام اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعے محصور بنا رکھا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ان یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات سے پورے خطے میں امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا ۔

وزارت خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سیکورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔

About The Author