اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ میگا منصوبے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کے لئے صرف 14 لاکھ کے قریب لوگوں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے پر نادرا سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سکیم میں عوامی دلچسپی توقع سے خاصی کم رہی ہے۔ شاید اسی وجہ سے حکومت نے رجسٹریشن کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے اور اب عوام رواں برس 15 نومبر تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی متعدد بار اس اسکیم کو انقلابی پروگرام قرار دے چکے ہیں تاہم غیر متوقع طور پر گھروں کی تعمیر کے لیے درخواستیں 50 لاکھ سے بھی کم ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح رواں سال 15 جولائی 2019 کو کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’عوام کی سہولت اور جوش و جذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے اور اب یہ درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کیے جائیں گے۔‘
نادرا اس سلسلے میں اپنے ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔
ترجمان نادرا کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ضلع لاہور میں ایک لاکھ 50 ہزار 255 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔‘
ضلع ملتان میں 47 ہزار 802، بہاولپور میں 44 ہزار 786 افراد، کراچی کے مختلف اضلاع میں افراد 89 ہزار 62 اور پشاور میں 34 ہزار 484 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔
رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کے بعد اب آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کے عوام کے لیے ڈی ایچ اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
ترجمان نادرا کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ ’وہ اپنا گھر حاصل کرنے کے لیے جلد سے جلد آن لائن رجسٹریشن کرائیں۔‘
سمندر پار پاکستانیوں اور سستا اور آسان قسطوں پر گھر بنانے کی خواہش رکھنے والے پاکستانی کسی اضافی فیس کے بغیر نادرا کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ