نومبر 4, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان مسلم لیگ ن نے آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کرلیا

۔ شہبا زشریف نے کہا کہ نواز شریف کا حکم سر آنکھوں پر انہوں نے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے تو ن لیگ اس مارچ میں شریک ہوگی۔

لاہور: آزادی مارچ میں شرکت بارے نون لیگ کا اجلاس ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ ن لیگ مارچ میں شرکت کریگی۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں ن لیگ نے اس بات پر سر جوڑ لئے ہیں کہ اگر دھرنا ہوتا ہے تو کیا کیا آپشنز ہیں؟ رہنماؤں کی جانب سے تین آپشنز پر غورکیا جارہاہے۔

کچھ رہنماؤں کا خیال ہے کہ حکومتی لاٹھی چارج کی صورت میں حالات بگڑے تو رینجرز اور فوج آسکتی ہے،دھرنے کے دوران پریشر زیادہ ہوا تو ان ہاؤس تبدیلی بھی کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے،

اس بات پر بھی سوچا جارہاہے کہ ان ہاؤس تبدیلی پر بات نہ بنی تو قبل از وقت انتخابات کی ڈیڈ لائن لیکر دھرنا ختم ہوگا؟

ذرائع کےمطابق اجلاس میں رہنماؤں نے شہباز شریف کو آپشنز دئیے۔ یہ فیصلہ بھی ہوا کہ  شہباز شریف کمر درد کے باعث  بھی لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گے ۔

شہباز شریف نےاجلاس میں  نواز شریف کا خط پڑھ کر سُنایا ۔ شہبا زشریف نے کہا کہ نواز شریف کا حکم سر آنکھوں پر انہوں نے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے تو ن لیگ اس مارچ میں شریک ہوگی۔

ذرائع کا کہناہے کہ احسن اقبال اور سینیئر قائدین آزادی مارچ میں اسلام اباد پہنچنے والے قافلوں کی قیادت کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کی حکمت عملی کے متعلق مسلم لیگ ن کے اجلاس میں صدر مسلم لیگ شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں ہو ا ہے جس میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، امیر مقام، شاہ محمد شاہ، عبدالقادر بلوچ، برجیس طاہر، پرویز ملک، حنیف عباسی اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں نواز شریف کی جانب سے شہباز شریف کو لکھے جانے والے خط کے مندرجات پارٹی رہنماؤں کے سامنے رکھے گئے۔

اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں شرکت ، ملکی مجموعی سیاسی صورت حال، معاشی حالات اور دیگر معاملات پر بات چیت کی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزادی مارچ  اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ کیسز سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اطلاعات ہیں کہ شہباز شریف کی زیرقیادت بلائے گئے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی تیار کیا گیا۔

اجلاس سے قبل پارٹی کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ن لیگ کی مرکزی قیادت کو دوپہر دو بجے مشاورت کے لیے لاہور بلایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے بعد آزادی مارچ میں شرکت کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نواز شریف گزشتہ روز جمیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کا اعلان کر چکے ہیں۔

ن لیگ کے تاحیات قائد نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے پارٹی صدر شہباز شریف کو ایک خط میں سب کچھ لکھ کر بتا دیا ہے۔

About The Author