دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

’ جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 27اکتوبر سے قبل یو ٹرن لے سکتے ہیں‘

حامد میر نے یہ بات آج ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ ویوز ودھ مالک میں ایک اعلی شخصیت کے حوالے سے کہی ہے۔

اسلام آباد: سینئیر صحافی حامد میر نےکہاہے کہ جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 27اکتوبر سے قبل یو ٹرن لے سکتے ہیں۔

حامد میر نے یہ بات آج ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ ویوز ودھ مالک میں ایک اعلی شخصیت کے حوالے سے کہی ہے۔ حامد میر نے کہا کہ انہیں آج ایک انتہائی ذمہ دار اور اعلی شخصیت نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان 27اکتوبر سے قبل یو ٹرن لے لیں گے۔

حامد میر نے کہا کہ دو ہزار چودہ میں بھی میرا خیال یہی تھا کہ 2014میں پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں آنا چاہیے مگر دھرنا نہیں دینا چاہیے ۔ آج 2019میں بھی میرا یہی موقف ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو دھرنا نہیں دینا چاہیے ۔

کاشف عباسی نے کہا کہ آصف زرداری نے شروع میں کہا تھا کہ حکومت کو پانچ سال ملنے چاہئیں  مگر اب ان کا خیال تبدیل ہوگیاہے۔

اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق سوال کے جواب میں جے یو آئی ف کے حافظ حمداللہ نے کہا کہ اسمبلیوں میں جانے کا فیصلہ متحدہ اپوزیشن کا تھا ۔ ہمارا مؤقف پہلے بھی یہی تھا کہ اسمبلیوں میں نہیں جانا چاہیے ہم اب بھی یہی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں دو نکات پر متفق ہیں پہلا نکتہ یہ کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے یہ حکومت غیر آئینی ہے،دوسرا نکتہ یہ ہے کہ اس ملک میں کسی کی مداخلت کے بغیر صاف و شفاف انتخابات ہونے چاہیئں۔

کاشف عباسی نے کہا کہ خود جج نہیں بننا چاہیے ، عمران خان نے بھی یہی غلطی کی تھی پورا نظام کے بارے میں کہہ دیا ہے کہ یہ ہے وہ ہے ۔ مولانا بھی یہی کچھ کرنے جارہے ہیں۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی ہے میڈیا کے سامنے ہیں عمران خان کی تقریریں بھی اور اس وقت پی ٹی آئی اور پیٹ کے کارکنوں کی طرف سے اداروں پر حملہ کرنا بھی ۔ ہم آئینی طریقے سے پر امن احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی ادارے کو کوئی گالی نہیں دی ۔ ہم فیصلہ کرچکے ہیں ۔ آئین یہ کہتا ہے کہ ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے ۔ اپوزیشن میں شامل سیاسی جماعتیں کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرینگی۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ہم اس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ اس کے لئے لاکھوں لوگ اسلام آباد کا رُخ کرینگے اور اس حکومت کو ہر صورت جانا پڑیگا۔

About The Author