جنوری 1, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیر ہے،چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

اس تقریب میں 05رائل سعودی ائیر فورس کیڈیٹس سمیت کل 113ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔

رسالپور: پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی غیرمتزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔کیونکہ‘کشمیر’ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔ کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیر ہے۔

یہ بات چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،جنرل زبیر محمود حیات، پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں منعقدہ گریجویشن پریڈ کے دوران کہی. 

جنرل زبیر محمود حیات 142 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،88ویں انجینئرنگ،98 ویں ائیر ڈیفنس، 23ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور 8ویں نیویگیشن کورسزکی گریجویشن تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

پریڈ سے خطاب کے دوران مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو ہر ملک خصوصا ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ہم وہ قوم ہیں جس نے امن کی خا طر جان و مال کی عظیم قربانیاں دیں۔ ہم اس مقصد کے لئے پر خلوص ہیں اور کبھی کسی ملک کو ہمارے اس جذبے کی غلط ترجمانی کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر پرغاصبانہ قبضے کی کوشش کو یکسرمسترد کرتا ہے جو سراسر غیر قانونی اور ناجائز ہے اورکشمیرکے رہنے والوں اور پاکستان کے لئے نا قابل قبول ہے۔ ہم بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر روز بروز بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبر و استبدال کی پرذور مذمت کرتے ہیں۔ حالیہ پاک بھارت تنازعے کے دوران پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران پاک فضائیہ نے اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ دشمن کے دو لڑاکا طیارے گرا کر اور ایک پائلٹ گرفتار کر کے اپنی فضائی بر تری کوایک بار پھر ثابت کیا ہے۔

اس تقریب میں 05رائل سعودی ائیر فورس کیڈیٹس سمیت کل 113ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو برانچ انسگنیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔مہمانِ خصوصی نے نمبر2اسکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپئن ا سکواڈرن کا قائد اعظم بینر عطا کیا۔

ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسر حافظ صبیح محمد نے فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیرا سٹاف ٹرافی کے ساتھ اعزازی شمشیربھی حاصل کی۔ جبکہ ائیروناٹیکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیرا سٹاف ٹرافی اور اعزازی شمشیرایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر محمد مامون خان کے نام رہی۔ایوی ایشن کیڈٹ محمد حمزہ نے 23ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیزکورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔ جبکہ 98ویں ائیر ڈیفنس کورس کی مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ ہلال احمدنے حاصل کی۔ جنر ل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف ا سٹاف کمیٹی ٹرا فی ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر سید قاسم سہیل کو دی گئی۔


تقریب میں حسب روایت، چار T-37 طیاروں پر مشتمل "بریو ہارٹ فارمیشن "اور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی ائیرو بیٹکس ٹیم ” شیر دل ” نے انتہائی مسحور کن مظاہرہ پیش کیا۔قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ا ئیر وائس مارشل حامد رندھاوا، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے ان کا خیر مقد م کیا۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ ہو نے والے زیر تربیت افسران کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

About The Author