دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اہم فیصلے

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے آب پاک اتھارٹی بنا دی گئی ہے۔

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں۔ 

اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ وشہری ترقی کی کارکردگی اورعوام کیلئے شہری سہولتیں بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔

اس موقع پر سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی کو نئے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا۔شہروں میں سہولتوں کی بہتری کے لئے محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمے کوماڈرن اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پر توجہ دینا ہوگی۔واسا کو علیحدہ اتھارٹی بناکر خود مختاری دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس ضمن میں جلد حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں میں کمرشلائزیشن کے امورکاجائزہ لیکرٹھوس سفارشات پیش کی جائیں۔

سردار عثمان بزدار نے جائیدادکے ڈی سی ریٹس کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ۔ صوبائی وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی15روز میں اس حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے آب پاک اتھارٹی بنا دی گئی ہے۔

اجلاس میں سابق دور میں بنائی جانے والی صاف پانی کمپنی کے اثاثے اوردیگراشیاء آب پاک اتھارٹی کو منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔تحریک انصاف کی حکومت شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھے گی۔واٹر پلانٹس کے پانی کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا۔ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کرآگے بڑھنا ہے۔

سرائیکی وسیب کیلئے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد حصہ مختص کیا گیاہے، عثمان بزدار

انہوں نے کہا کہ شفاف انداز میں قواعد و ضوابط کے مطابق امورسرانجام دے کر عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانی ہے۔لاہور میں سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ٹنل بورنگ کے ذریعے سیوریج سسٹم کو بہتربنانے کے پروگرام پر 14ارب روپے خرچ ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آب پاک اتھارٹی کا دفترکرائے کی عمارت میں نہیں بلکہ سرکاری عمارت میں بنے گا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ و شہری ترقی نے وزیراعلیٰ کو محکمے کی کارکردگی اورشہری سہولتیں بہتربنانے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

صوبائی وزراء میاں محمودالرشید،ہاشم جواں بخت،مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،چیف سیکرٹری، رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام کی اجلاس میں شریک ہوئے۔

About The Author