دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

لاہور: پاکستان کڈنی اینڈٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں ڈائلیسیز یونٹ کا افتتاح

عثمان بزدارنے کہا مزید 6 آپریشن تھیٹرز وسط اکتوبر تک فنکشنل ہو جائیں گے۔اس انسٹی ٹیوٹ میں رواں برس 3 لیور ٹرانسپلانٹ اور 31 کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے گئے ہیں۔دیگر 3 فلور مکمل ہونے سے 475 بستروں کا اضافہ ہوگا۔

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ  میں ڈائلیسیز یونٹ کا افتتاح کردیا ہے۔

پی کے ایل آئی ڈائلیسز یونٹ 2 میں 36 ڈائلیسیز مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے  ڈائلیسیز یونٹ کے دورے میں  مریضوں کی عیادت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتو ں کے بارے میں استفسار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں گردے اور جگر کے مریضوں کیلئے معیاری طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔اسپتال کی عمارت کو رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

عثمان بزدارنے کہا مزید 6 آپریشن تھیٹرز وسط اکتوبر تک فنکشنل ہو جائیں گے۔اس انسٹی ٹیوٹ میں رواں برس 3 لیور ٹرانسپلانٹ اور 31 کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے گئے ہیں۔دیگر 3 فلور مکمل ہونے سے 475 بستروں کا اضافہ ہوگا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔صحت کی سہولتوں کو عام آدمی کیلئے خوب سے خوب تر بنا رہے ہیں، ہر وہ اقدام اٹھائیں گے جس سے عام آدمی کو معیاری اور بروقت علاج معالجہ میسر آ سکے۔

وزیراعلیٰ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف کلینکس میں موجودمریضوں کی بھی خیریت دریافت کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔

سردار عثمان بزدار پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی ملےاور ان سے طبی سہولتوں کے معیار کے بارے میں استفسار کیا۔

مریضوں  نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ کو انسٹی ٹیوٹ کے امور کے بارے میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بریفنگ دی۔

سردار عثمان بزدار کو بتایا گیا کہ جنوری سے ستمبر تک او پی ڈی میں تقریباً 48 ہزار مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔9 ماہ میں 9 ہزار 257 مریضوں کے ڈائلیسیز کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

About The Author