دسمبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سابق امریکی صدور نے پاکستان کے ساتھ اچھا نہیں کیا،ٹرمپ

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا’ میں کشمیر پر اچھا ثالث ثابت ہو سکتا ہوں‘۔

نیویارک: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے ۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان اور  وزیراعظم مودی تیار ہوں گے تو میں ثالثی کے لیے تیار ہوں۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا’ میں کشمیر پر اچھا ثالث ثابت ہو سکتا ہوں‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سابق امریکی صدور نے پاکستان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، میں عمران خان اور پاکستان پر مکمل اعتماد کرتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ افغان امن عمل یعنی افغانستان اور طالبان کے معاملے پر بھی  بات چیت جاری ہے۔

امریکی صدر نے کہا گزشتہ روز وہ ہیوسٹن میں تھے وہاں 50ہزار کے مجمع میں بھارتی وزیر اعظم نے پاکستان بارے جو بیان دیا وہ مناسب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت مل کر اپنے مسائل حل کریں تاکہ خطے کے عوام بے خوف وخطر زندگی بسر کرسکیں ۔

وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، وزیرخارجہ شاہ محمود اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود ہیں

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ’ مودی کے ساتھ بھی میرے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور بھارت ہمسایہ ملک ہیں اور مجھے یقین ہے کہ دونوں کوئی حل تلاش کر لیں گے۔‘

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹرمپ طاقت ور ملک کے صدر ہیں اور انہیں ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان ثالثی کے لیے تیار ہے لیکن بھارت نے راہ فرار اختیار کر رکھی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مودی کی پالیسی سے ایک بحران کا آغاز ہوا ہے، ہم چاہیں گے کہ امریکہ اس صورتحال  میں اپنا کردار ادا کرے۔

About The Author