نومبر 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

چیف جسٹس پاکستان کا زیادہ تعداد میں ملزمان کی بریت پر تشویش کا اظہار

غیر ضروری گرفتاریوں،جھوٹی گواہی اور غلط ثبوتوں پر بھی پالیسی بنائی جائے، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کی زیر صدارت ہونیوالے پولیس ریفارمز کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیاہے۔

اجلاس میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد، وفاقی اور چاروں صوبائی آئی جیز پولیس نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئی جی پولیس سمیت دیگر کمیٹی ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے عوامی شکایت ازالہ سینٹرز بارے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

سیکرٹری لاء کمیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ یکم جنوری 2019 سے 15 ستمبر 2019 تک عوامی شکایت ازالہ سینٹرز میں 95 ہزار اکیالیس شکایت نمٹائی گئیں۔ 20796 شکایات ایف آئی آر درج نہ کرنے سے متعلق موصول ہوئیں جن میں سے 19123 نمٹا دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ  عوامی شکایت ازالہ سینٹرز کیوجہ سے ہائیکورٹس میں سیکشن بائیس اے اور بائیس بی کی رٹ پٹیشنز میں کمی آئی ہے، گزشتہ برس کی نسبت رواں سال ہائیکورٹس میں سیکشن بائیس اے اور بائیس بی کی شکایات میں 17.3 فیصد کمی آئی۔

سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے کہا کہ ضلعی عدالتوں میں بھی سیکشن بائیس اے اور بائیس کی پٹیشنز میں 33.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔

تمام آئی جیز پولیس نے اپنے صوبوں کی کارکردگی سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا۔

آئی جی پنجاب نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال یکم جنوری سے 31 جولائی تک پنجاب میں ضلعی سطح پر قائم سینٹرز میں 2586 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ ضلعی سطح پر قائم کمیٹیوں میں نمٹائے گئے مقدمات میں 31 فیصد ملزمان کو سزا جبکہ 69 فیصد ملزمان بری ہوئے۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے زیادہ تعداد میں ملزمان کی بریت پر تشویش کا اظہار کیا اور انہوں نے ایف آئی آر کے درست اندراج پر زوردیا۔

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو ایف آئی آر کے درست اندراج کی پالیسی وضع کرے،متفقہ پالیسی پورے ملک کے لیے بنائی جائے۔ غیر ضروری گرفتاریوں،جھوٹی گواہی اور غلط ثبوتوں پر بھی پالیسی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسی وضع کریں جس سے محکمہ پولیس میں ایف آئی آر کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیاہے کہ پولیس اصلاحات کمیٹی چاروں صوبوں کے آئی جیز کے ساتھ مل کر سفارشات تیار کرے گی۔

About The Author