دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

الیکٹرانک میڈیا کے ڈائریکٹر نیوز و ایڈیٹرز کی تنظیم بنانے کا فیصلہ

اعلامیے کے مطابق ایسوسی ایشن کے آئین کے مسودے کی تیاری کیلئے کور کمیٹی  بھی قائم کردی گئی  ہے۔

لاہور: الیکٹرانک میڈیا کے اعلیٰ عہدیداران نے ڈائریکٹر نیوز و ایڈیٹرز پر مشتمل تنظیم (ایسوسی ایشن) قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیاہے۔

یہ فیصلہ آج مختلف نیوز چینلز سے تعلق رکھنے والے سینیئر صحافیوں کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف ٹی وی چینلز کے نمائندہ سینئیر صحافیوں نے شرکت کی اور آپسی مشورے کے بعد   ڈائریکٹر نیوز و ایڈیٹرز پر مشتمل  تنظیم (ایسوسی ایشن )کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیاکہ ایسوسی ایشن کے قیام کا مقصد الیکٹرانک میڈیا کی پیشہ وارانہ ترقی کو یقینی بنانا اور آزادی اظہار کو دبانے کے ہتھکنڈوں سمیت نیوز چینلز کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایسوسی ایشن کے آئین کے مسودے کی تیاری کیلئے کور کمیٹی  بھی قائم کردی گئی  ہے۔

کور کمیٹی اپنے آئندہ اجلاس کے انعقاد کیلئے تمام نیوز چینلز کے ڈائریکٹر نیوز و ایڈیٹرز سے رابطہ کرے گی اور آئندہ اجلاس میں مجوزہ ایسوسی ایشن کے قیام کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، سینیئر ایڈیٹرز مجیب الرحمان شامی، جیونیوز ایم ڈی ظفر عباس، سلیم بخاری، ایاز خان، سہیل وڑائچ اور عامر غوری نے بھی شرکت کی  اوراس موقع پر اہم تجاویز پیش کیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جیو ٹی وی کے  رانا جواد، ایکسپریس نیوز کے فہد حسین، آج نیوز کے راشد محمود، ڈان نیوز کے زاہد مظہر، جنگ گروپ کے فاضل جمیلی، آپ نیوز کے عمران میر، انڈس نیوز کے سرمد سالک، سٹی 42 کے خرم کلیم، 92 نیوز کے فاروق مجید، نیو ٹی وی کے محمد عثمان، 24 نیوز کے انصار نقوی اور میاں طاہر، سماء ٹی وی کے فرحان مالک اور احمد ولید، دنیا نیوز کے حبیب اکرم اور ہم نیوز کے شیراز حسنات نے بھی شرکت کی۔

About The Author