نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

صحافتی اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین فیصل حکیم کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف اداروں میں تنخواہوں کے التواء اور مشکلات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد: مختلف  صحافتی اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہوا۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین فیصل حکیم کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف اداروں میں تنخواہوں کے التواء اور مشکلات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جن اداروں میں  تنخواہیں التواء کا شکار ہیں انکا ڈیٹا پیر تک اکھٹا کیا جائے گا ،جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی دیگر صحافتی تنظیموں سے بھی رابطہ کرے گی تاکہ تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے متفقہ اور موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

اجلاس میں امت اور پبلک نیوز میں تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے جو تفصیلات سامنے آئیں انکے مطابق صدر پریس کلب اور دیگر قائدین سے وعدے کے باجود پبلک نیوز انتظامیہ نے ابھی تک کچھ ملازمین کو تنخواہ ادا نہیں کی جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کمیٹی سوموار تک تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے اپ ڈیٹ کا جائزہ لے گی اور منگل کو پبلک نیوز جا کر ملازمین سے بات کرے گی۔

اسی طرح  کمیٹی امت میں ایک تنخواہ کی ادائیگی کے بعد دیگر بقایا جات کی ادائیگی کے شیڈول کےلئے انتظامیہ سے رابطہ کرے گی۔

کمیٹی نے وعدے کے مطابق نوائے وقت میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے امور کا جائزہ بھی لیا، جبکہ مختلف اداروں کے کارکنان سے اپیل کی کہ جن اداروں میں تنخواہیں زیر التواء ہیں اس حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو معلومات فراہم کریں  تاکہ تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کےلئےحکمت عملی وضع کی جائےاور راست اقدام کا فیصلہ کیا جا سکے۔

کمیٹی نے روزنامہ خبریں میں تنخواہوں کی عدم۔ادائیگی پر انتظامیہ سے رابطہ کیا اور تنخواہوں کی ادائیگی پر بات کی جس پر انتظامیہ نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وحید شیخ، رازق کھٹی اورفرخ نواز بھٹی سمیت دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔

About The Author