دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

چونیاں میں تین بچوں کا قتل ،ملزمان بارے اطلاع دینے والے کیلئے 50لاکھ روپے کا انعام

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے یہ اعلان آج مقتول بچوں فیضان مٹھو، علی حسنین،سلمان اکرم اورلاپتہ بچے محمدعمران کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

لاہور: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ قصور کی تحصیل چونیاں میں مبینہ طور پر زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کرنے والے ملزمان کے بارے اطلاعات دینے والے شخص کو 50لاکھ روپے کا انعام دیاجائے گا اور اطلاع دینے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے یہ اعلان  آج  مقتول بچوں فیضان مٹھو، علی حسنین،سلمان اکرم اورلاپتہ بچے محمدعمران کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت  کیااورمقتول بچوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

سردار عثمان احمد خان بزدار  نے مقتول بچوں کے والد کو باری باری گلے لگا کر دلاسہ دیا اور کہا اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تفتیش کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہاہے۔ بہت جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مقدمے میں انسدادد ہشت گردی کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے۔ یہ کیس انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چلایا جائے گا۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے یقین دلایا کہ آپ کے خاندانوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔ چونیاں میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمرے لگائے جائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ یہ آپ کے نہیں بلکہ ہمارے بچے تھے جن کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔ملزمان کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کیس کی تفتیش 100فیصد میرٹ پر ہوگی او رانصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے،اندوہناک واقعہ پر ہر آنکھ نمناک ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ میری ذمہ دار ی او رفرض ہے کہ آپ کو انصاف فراہم کروں۔ اس فرض کی ادائیگی کو ہر صور ت نبھاؤں گا۔روزانہ کی بنیاد پر کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے رہا ہوں،انشاء اللہ ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جن پولیس افسروں کو عہدوں سے ہٹایا گیاہے انہیں چارج شیٹ کیاجائے گا۔ ایسے افسروں کو دوبارہ پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ میں نے گزشتہ رات عمرے کی ادائیگی سے وطن واپسی پر آتے ہی اسی کیس کے بارے میں میٹنگ لی ۔ آج چھانگا مانگامیں بھی کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں مقتول بچوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں،مجرموں کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قصور میں اس سے پہلے بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں، اب چونیاں کو بھی سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔قصور کے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کو فعال بنائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پولیس او رانتظامیہ کو واضح ہدایات دی ہیں کہ کسی قسم کا سیاسی یا انتظامی دباؤ قبول نہ کریں،اس کیس میں متاثرہ خاندانوں کوانصاف دلانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام  اور ملزمان کو عبرتناک سزائیں دلانے کے لئے موثر قانون سازی ضروری ہے،اپنے بچوں کو محفوظ مستقبل دینے کے لئے ہر طرح کے وسائل فراہم کریں گے اور ہر ممکن اقدام کیاجائے گا،پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو فارغ کریں گے اورجنہیں عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان کی دوبارہ پوسٹنگ نہیں ہو گی۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ ایسے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا،پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر طرح کی سپورٹ فراہم کرے گی،

اس موقع پر صوبائی وزراء راجہ بشارت، ہاشم ڈوگر،سردار آصف نکئی،انصر مجید خان،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

About The Author