نومبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کتاب میلہ میں کیا خریدا جائے؟||محمد عامر خاکوانی

سب رنگ کہانیاں کی چاروں جلدیں بھی ہیں۔ میری کتاب زنگار بھی ادھر ہی سے ملے گی۔ حسن نثار کی نئی کتاب بھی شائع ہوئی ہے۔ اور بھی بہت کچھ ملے گا۔

محمد عامر خاکوانی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میں اپنے حساب سے بتاؤں گا کہ میں کیا کرتا یا میں کیا کروں گا؟
بک کارنر جہلم
سب سے پہلے تو بک کارنر کے سٹال کا وزٹ کرنا چاہئیے۔ سب سے زیادہ نئی اور عمدہ کتابیں یہاں سے ملیں گی۔ حال ہی میں انہوں نے کئی بہت اچھی کتب شائع کیںہیں۔ ان میں دوستئوفسکی کا شاہکار ناول جرم وسزا بھی شامل ہے۔ اسے تاریخ انسانی کے تین چار عظیم ترین ناولوں میں گنا جاتا ہے۔
بک کارنر نے مشہور روسی ناول ڈاکٹر ثواگو ، موپاساں کی کہانیاں بھی چھاپی ہیں۔اس میلے میں ان کی نئی کتابوں میں حسنین جمال کی سوچتے رہیے، خوشونت سنگھ کا ناول دلی اور بھٹو صاحب کی مشہور کتاب اگر مجھے قتل کیا گیا موجود ہے ۔
سب رنگ کہانیاں کی چاروں جلدیں بھی ہیں۔ میری کتاب زنگار بھی ادھر ہی سے ملے گی۔ حسن نثار کی نئی کتاب بھی شائع ہوئی ہے۔ اور بھی بہت کچھ ملے گا۔
ریڈنگز
یہ بھی مشہور پبلشر ہیں، یہاں سے انگریزی کی بہت سی اچھی کتابیں مل جائیں گی، ریڈنگز نے خود زیادہ کتابیں نہیں چھاپیں، انہوں نے بعض مختصر تراجم شائع کئے ہیں جن میں ہیمنگوئے کا اولڈ مین اینڈ سی اہم ہے۔ اسد محمد خان کے دو تین مجموعے یہاں سے چھپے ہیں۔ چند ماہ قبل البتہ انہوں نے ٹالسٹائی کے بہت مشہور ناول وار اینڈ پیس کا اردو ترجمہ شائع کیا۔
وار اینڈ پیس ایسا ناول ہے جو ہر حال میں پڑھنا اور خریدنا چاہیے۔ یہ ریڈنگز سے دستیاب ہے۔
ابھی چند ہفتے قبل مشہور ہندو فلسفی اور دانشور چانکیہ کی مشہور ترین کتاب ارتھ شاستر بھی ریڈنگز نے چھاپی ، یہ بہت مشہور کتاب ہے پہلے بھی کئی بار چھپی، مگر ریڈنگز نے اسے خوبصورت انداز میں چھاپا۔
ریڈنگز سے بچوں کی کئی کہانیاں خریدی جا سکتی ہیں، ان کے پاس بہت عمدہ اور خوبصورت بچوں کی کہانیوں کی کتابیں موجود ہیں، سینکڑوں میں۔
کتاب سرائے
یہ بھی پرانے اور مشہور پبلشر ہیں۔ پروفیسر عبدالجبار شاکر صاحب نے یہ شروع کیا تھا، ان کے جانے کے بعد ان کے صاحبزادگان جمال الدین افغانی، رفیع الدین وغیرہ اسے چلا رہے ہیں۔
کتاب سرائے نے بہت سی کتابیں چھاپ رکھی ہیں، مذہبی اور فکری موضوعات پر ان کے پاس عمدہ کتب ہیں۔
میں نے مارچ کےک کتاب میلہ میں کتاب سرائے سے کئی کتابیں خریدیں، سیرت پر کیرن آرمسٹرانگ کی مشہور کتاب کا نعیم صاحب نے ترجمہ کیا ہے۔ یہ ہمارے ساتھ جنگ اخبار میں تھے، بعد میں تراجم کی طرف آئے اور عمدہ تراجم کئے۔ کیرن آرمسٹرانگ کی کتابوں کے علاوہ انہوں نے مولانا آزاد کی انڈیا ونز فریڈم کا ترجمہ کیا اور تقسیم ہند پر ایک مشہور کتاب فریڈم ایٹ مڈ نائٹ کا بھی۔ یہ تراجم پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
کتاب سرائے ہی سے بھارتی مزاح نگار مجتبیٰ حسین کے مضامئن پر مشتمل دو کتابیں لی تھیں۔
راشد اشرف کی پرانی نایاب کتابوں کو دوبارہ چھاپنے کے سلسلے کی کئی اچھی کتابیں کتاب سرائے سے مل سکتی ہیں۔ یہ کتابیں گو مہنگی ہیں مگر ان میں سے بعض اس قابل ہیں کہ انہیں ہر حال میں خریدا جائے۔
کتاب میلہ میں کتاب سرائے کے سٹال کا وزٹ ضرور کرنا چاہیے۔
عکس
عکس بھی پچھلے چند برسوں کے دوران مشہور ہوا ہے۔ انہوں نے کئی اچھی کتابیں چھاپی ہیں، ان میں ادب کے علاوہ عالمی ادب کے تراجم اور بعض فکری دینی موضوعات پر کتب بھی شامل ہیں۔
میری سفارش ہے کہ عکس کے سٹال کا وزٹ بھی لازمی کریں۔ مشہور جاپانی فکشن نگار ہاروکی موراکامی کے دو ناول اردو میں ترجمہ ہوئے ہیں، ایک تو عکس ہی نے چھاپا ہے کافکا برلب ساحل۔ جبکہ دوسرا ناول نارویجئن وڈز کا ترجمہ ہے نغمہ مرگ، یہ کراچی سے چھپا ہے، مگر عکس سے مل جائے گا۔ عکس نے ہمارے دوست معروف صحافی، محق احمد اعجاز کی کتاب بھی شائع کی ہے۔
سنگ میل
سنگ میل کے پاس بے شمار ٹائٹل ہیں، یہ بہت پرانا اور معروف پبلشنگ ہائوس ہے، اس کی کتابیں قدرے مہنگی ہیں، مگر ٹائٹل اتنے اہم ہیں کہ لوگ خریدنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ سنگ میل کا وزٹ ضرور کریں۔
میری سفارش ہے کہ عرفان جاوید کی تین کتابیں دروازے، سرخاب اور عجائب خانہ یہاں سے چھپی ہیں، ان میں سے جو لے سکتے ہیں، وہ ضرور لیں۔ دروازے اور سرخاب خاکوں کے مجموعہ ہیں جبکہ عجائب خانہ ایک شاندار معلوماتی اور ریفرنس کتاب ہے۔
کتاب میلہ میں فکشن ہائوس، نگارشات اور بعض دیگر سٹالز پر بھی اچھی کتابیں موجود ہیں، آپ کی دلچسپی پر منحصر ہے۔ دینی کتب کے خواہش مند ہیں تو الفیصل کا چکر لگائیں۔
اس بار معروف مصنف اور سکالر ابویحییٰ کی کتابوں کا سٹال انذار بھی موجود ہے۔ ابو یحییٰ کی تمام کتابیں یہاں سے مل سکتی ہیں۔ دیگر علمی کتب کے سٹالز بھی موجود ہیں۔ آپ لینے والے بنیں۔

 

یہ بھی پڑھیے:

عمر سعید شیخ ۔ پراسرار کردار کی ڈرامائی کہانی۔۔۔محمد عامر خاکوانی

سیاسی اجتماعات کا اب کوئی جواز نہیں ۔۔۔محمد عامر خاکوانی

چندر اوراق ان لکھی ڈائری کے ۔۔۔محمد عامر خاکوانی

آسٹریلیا بمقابلہ چین ۔۔۔محمد عامر خاکوانی

بیانئے کی غلطی۔۔۔محمد عامر خاکوانی

محمد عامر خاکوانی کے مزید کالم پڑھیں

About The Author