نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان کیخلاف سازشیں اور بقراط عصر کی ’’پُھرتیاں‘‘|| نصرت جاوید

کمال فیاضی سے مگر انہوں نے یہ عدد بتانے والے افسر کو یہ کہتے ہوئے معاف کردیا کہ اس کی ’’زبان پھسل گئی‘‘ہوگی۔زبان کی مبینہ ’’پھسل‘‘ کو لیکن ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھنے والے غیر ملکی سفارت کار اور دیگر ممالک میں امیگریشن ڈیسکوں پر تعینات افسر کیوں خاطر میں لائیں گے؟!

نصرت جاوید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہمہ وقت مضطرب و بے چین رہنے والے اداکار،ڈرامہ نگار،مصور اور رقاص، مرحوم انور سجاد ایک زمانے میں مختصر نویسی کے جنون میں گرفتار ہوگئے تھے۔ اپنی ضد کے دفاع میں اکثر جھنجھلاتے ہوئے یہ دعویٰ کرتے کہ ہمیں بطور قوم ’’منہ کا ہیضہ‘‘ لاحق ہوچکا ہے۔الفاظ کو بے دریغ اُگلتے رہتے ہیں۔اپنی جوانی میں ان کے منہ سے یہ فقرہ سن کر میں بہت محظوظ ہوا تھا۔ دوستوں کی محفل میں اکثر دہراتا رہتا۔گزشتہ چند دنوں سے مگر اس جملے کو سنجیدگی سے لینے کو مجبور محسوس کررہا ہوں۔ میری پریشانی کی بنیادی وجہ راولپنڈی کے بقراط عصر کی اوپر تلے ہوئی پریس کانفرنسیں ہیں۔

موصوف کو ٹی وی اینکروں کے روبرو بیٹھ کر یاوہ گوئی کی عادت ہے۔ان کی زبان درازی اینکر کو بلکہ سٹار بنادیتی ہے۔جس چینل کی سکرین پر نمودارہوں اس کی ریٹنگز کھڑکی توڑ ہوجاتی ہے۔ وہ مگر ان دنوں امت مسلمہ کی واحد ایٹمی قوت کے حامل ملک کے وزیر داخلہ ہیں۔ میرے اور آپ جیسے پاکستانیوں کو ان کی یاوہ گوئی یقینا پسند آتی ہے۔چین مگر کچھ بولنے سے پہلے ضرورت سے زیادہ تولنے کا عادی ملک ہے۔تہذیبی حوالے سے وہاں کے لوگ مختصر گفتگو کے عادی ہیں۔چیئرمین مائو جیسے انقلابی بھی موٹی کتابیں لکھنے کے بجائے مختصر مضامین کے ذریعے ’’درست خیالات کہاں سے آتے ہیں‘‘ جیسے فلسفیانہ سوالات کے جواب فراہم کرنے کی کوشش کرتے تھے۔براہِ راست اور دو ٹوک رائے دینے سے گریز کرتے۔ دہقانوں میں مقبول قصے کہانیوں والے انداز اپنائے رکھتے۔
گزشتہ بدھ کے روز کوہستان میں چین کی مدد سے تیار ہونے والے داسو ڈیم کی تعمیر میں مصروف ہنر مندوں کی ایک ٹیم پر حملہ ہوا تو موصوف ’’جلد ہی‘‘ اس کے ذمہ داروں کی نشاند دہی کی بڑھک لگانے لگے۔چین نے اب حکومتِ پاکستان سے باقاعدہ درخواست کردی ہے کہ مذکورہ حادثے کی بابت فقط ہماری وزارت خارجہ ہی چینی ہم منصبوں سے مشاورت کے بعد کوئی بیان جاری کرے۔چین نے تو بقراطِ عصر کی زبان بند کردی۔ افغانستان مگر اس قابل نہیں تھا۔یہاں مقیم اس کے سفیر کی بیٹی کے ساتھ ایک ناخوش گوار واقعہ ہوا ہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ نے سینہ پھلاکر دعویٰ کردیا کہ ’’آئندہ 48یا زیادہ سے زیادہ 72گھنٹوں میں ‘‘ اس واقعہ کے حقائق عیاں ہوجائیں گے۔ یہ ڈیڈ لائن دینے کے بعد انہیں اس ضمن میں خاموشی اختیار کرلینا چاہیے تھی۔ ٹی وی سکرینوں پر رونما ہوتے ہوئے وہ مگر مذکورہ واقعہ سے جڑی تفصیلات اجاگر کرتے ہوئے ایسے سوالات اٹھانا شروع ہوگئے جو عندیہ دے رہے تھے کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہوئی ہے۔
موصوف کی بابت تمام تر تحفظات کے باوجود میں کھلے ذہن سے وطن عزیز کو بدنام کرنے والے شک کو رد نہیں کروں گا۔ بطور وزیر داخلہ مگر یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ تفتیش مکمل ہوجانے کے بعد ہی مذکورہ واقعہ سے متعلق تمام حقائق کو عیاں کرتے ہوئے اپنا دعویٰ درست ثابت کرتے۔ انہیں مگر بردبار خاموشی اختیار کرنے کی عادت نہیں۔جن دنوں ٹرمپ امریکی صدارت کے لئے امید وار بنا تو نہایت مان سے ایک ٹی وی اینکر کو یاد دلاتے رہے کہ ٹرمپ کے حامی اسے ’’امریکہ کا شیخ رشید‘‘ کہتے ہیں۔ایسی ’’شہرت‘ ‘غالباََ ہمارے وزیر اعظم کو بھی نصیب نہیں ہوئی۔وزیرداخلہ کی غیر ضروری یاوہ گوئی نے افغان حکومت کو اسلام آباد سے اپنے سفارت کار واپس بلانے کو اُکسادیا۔ہماری وزارت خارجہ اب کابل کو صبر دکھانے کی تلقین کررہی ہے۔ تیراگرچہ کمان سے نکل چکا ہے۔یوٹیوب پر چھائے ’’ذہن ساز‘‘ بھی ’’اندر کی باتیں‘‘ عیاں کرتے ہوئے پاکستان کو بدنام کرنے والی سازش ’’بے نقاب‘‘ کررہے ہیں۔عقل سے قطعاََ محروم ہوا کوئی شخص ہی یہ دعویٰ کرے گا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش نہیں ہورہی۔سوشل میڈیا کے دور میں ایسی سازشیں دنیاکے ہر خطے میں ہورہی ہیں۔امریکہ نے انٹرنیٹ ایجاد کیا تھا۔ فیس بک اور ٹویٹر جیسی ایپ بھی اس ملک نے متعارف کروائی تھیں۔اس ملک کی انٹیلی جنس ایجنسیاں مگر یہ دعویٰ کررہی ہیں کہ روس اور ایران اپنے سپاہ ٹرول کے ذریعے امریکہ کو بدنام کرنے والی کہانیاں پھیلارہے ہیں۔ پاکستان کے ازلی دشمن بھی یقینا ایسی حرکتوں میں مصروف ہوں گے۔بدنام کرنے والی سازشوں کا توڑ مگر سینہ پھلاکر دئیے بیانات نہیں۔حقائق اور محض حقائق کا مسلسل ذکر ہی ہمیں بدنامی سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔پاکستان کو بدنام کرنے کی خاطر دشمنوں کے ارادے اور چالیں اپنی جگہ برحق۔ پاکستان میں لیکن ایف آئی اے نام کا ایک سرکاری ادارہ بھی ہے۔سنا ہے کہ وزیر داخلہ اس کے حتمی مدارالمہام ہوتے ہیں۔چند روز قبل اس ادارے کے ایک انتہائی سینئر افسر نے میڈیا کے روبرو اعلان کیا کہ وفاقی حکومت کے زیر اہتمام چلنے والے ایک اور ادارے یعنی نادرا نے 40لاکھ لوگوں کو پاکستان کے قومی شناختی کارڈ جاری کردئیے ہیں۔یہ تمام افراد اگرچہ غیرملکی ہوتے ہوئے ان کارڈوں کے ہرگز مستحق نہیں تھے۔نادرا کا مگر جو سندھ میں دفتر ہے وہاں بیٹھے ہوئے کرپٹ افسران کے ایک گروہ نے مبینہ طورپر اتنی بڑی واردات کر ڈالی۔جن لوگوں کو یہ کارڈ جاری ہوئے ہیں ان میں بھارت اور افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کارندے اورایجنٹ بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے قومی شناختی کارڈ کی بدولت غیر ملکیوں نے ہمارے ملک میں قیمتی جائیدادیں بھی خریدلی ہیں۔چالیس لاکھ،خدارا سوچیں، ذہن کو مائوف کردینے والی تعداد ہے۔یہ تعداد پاکستان کے کسی ’’دشمن‘‘ نے سوشل میڈیا کے ذریعے نہیں پھیلائی۔ ہماری ایف آئی اے کے ایک ’’فرص شناس‘‘ افسر نے آشکار کی ہے۔اس دعوے کے منظر عام پر آنے کے بعد دنیا کا کونسا ملک میرے پاس موجود قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ پر اعتبار کرے گا؟ہمارے شناختی کارڈوں کی ’’اصلیت‘‘ پر سوال اٹھانے میں ایم کیو ایم نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔گزشتہ جمعہ قومی اسمبلی اورسینٹ کے جو اجلاس ہوئے ان کے دوران اس جماعت کے لوگوں نے ’’جعلی شناختی کارڈوں‘‘ والے قصے کے بارے میں دہائی مچائی۔ہمہ وقت ٹی وی سکرینوں پر براجمان وزیر داخلہ دونوں میں سے کسی ایک ایوان میں بھی موجود نہیں تھے۔ تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن علی محمد خان پارلیمانی امور کے ’’چھوٹے وزیر‘‘ ہیں۔عمران حکومت کے امیج کا دفاع کرنے کو مگر پارلیمان میں ہمہ وقت موجود رہتے ہیں۔ سینٹ میں انہوں نے ٹھوس اعدادوشمار بتاتے ہوئے اصرار کیا کہ پورے سندھ میں نادرا نے گزشتہ تین برسوں میں فقط 26لاکھ شناختی کارڈ جاری کئے ہیں۔’’چالیس لاکھ‘‘ کا عدد نجانے کہاں سے آگیا۔کمال فیاضی سے مگر انہوں نے یہ عدد بتانے والے افسر کو یہ کہتے ہوئے معاف کردیا کہ اس کی ’’زبان پھسل گئی‘‘ہوگی۔زبان کی مبینہ ’’پھسل‘‘ کو لیکن ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھنے والے غیر ملکی سفارت کار اور دیگر ممالک میں امیگریشن ڈیسکوں پر تعینات افسر کیوں خاطر میں لائیں گے؟!

بشکریہ نوائے وقت۔

یہ بھی پڑھیں:

کاش بلھے شاہ ترکی میں پیدا ہوا ہوتا! ۔۔۔ نصرت جاوید

بھٹو کی پھانسی اور نواز شریف کی نااہلی ۔۔۔ نصرت جاوید

جلسے جلسیاں:عوامی جوش و بے اعتنائی ۔۔۔ نصرت جاوید

سینیٹ انتخاب کے لئے حکومت کی ’’کامیاب‘‘ حکمتِ عملی ۔۔۔ نصرت جاوید

نصرت جاوید کے مزید کالم پڑھیں

About The Author