دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی دونوں اپیلیں خارج

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور ان کے داماد کیپٹین ریٹائرڈ صفدر کو جیل، قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ  فلیگ شپ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔ 

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے ریفرنسز سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ نوازشریف کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائیں برقرار رہیں گی۔ وہ مفرور ہیں ان کی اپیل نہیں سن سکتے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں دس سال جب کہ العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ر صفدر نے اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان پر الزام ہے کہ انہوں نےغیر قانونی ذرائع کی مدد سےحاصل کی گئی رقم سے لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر اور پارک لین کے  نزدیک واقع چار رہائشی اپارٹمنٹس خریدے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور ان کے داماد کیپٹین ریٹائرڈ صفدر کو جیل، قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔

سزا کے خلاف ملزمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس نے ستمبر 2018 میں ان سزاؤں کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر جیل سے رہا ہو گئے تھے۔

About The Author