نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نواز شریف کی طبیعت ناساز ، سروسز اسپتال منتقل

طبیعت کی ناسازی پر نیب حکام نے نواز شریف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی انکے خون میں پلیٹ لیٹس کی کمی پر انہیں سروسز اسپتال منتقل کیاگیاہے۔
نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس میں پلیٹ لیٹس کی کمی کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلیٹ لیٹس کی کمی دل کے عارضے کی ادویات کے اثرات کے باعث ہوئی ہے یا پھر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ڈینگی بخار کی شکایت ہے۔

ن لیگی قائد کے پلیٹ لیٹس سولہ ہزار تک گر گئے۔ نارمل پلیٹ لیٹس ڈیڑھ لاکھ سے چار لاکھ تک ہوتے ہیں۔

طبیعت کی ناسازی پر نیب حکام نے نواز شریف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیب لاہور سے جاری بیان کے مطابق انہیں لاہور کے سروسز اسپتال میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قائد نکی طبیعت خراب ہونے پر ن لیگی رہنما اور کارکن بھی نیب آفس پہنچ گئے۔ لیگی کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں حکومت مخالف نعرے بازی کی۔

ن لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداداسپتال بھی پہنچ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  نیب ڈاکٹرز نے نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تو نواز شریف نے اسپتال منتقل ہونے سے انکار کر دیا۔  نواز شریف نے نامناسب سلوک پر احتجاج اسپتال جانے سے انکار کیا۔

اس کے بعد نیب حکام کی جانب سے شہباز شریف کو نیب آفس بلایاگیا،شہباز شریف نے نیب آفس پہنچ کر نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے پر قائل کیا۔

اسپتال جانے کے لئے نواز شریف نیب کی گاڑی میں بھی نہ بیٹھے نواز شریف شہباز شریف کی گاڑی میں نیب آفس سے اسپتال منتقل ہوئے۔

دوسری طرف سابق وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی حکومت مخالف تقریر کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

کیپٹن صفدر کو راوی ٹول پلازہ سے حراست میں لیا گیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ مقدمے میں کیپٹن صفدر نے چھبیس اکتوبر تک لاہور کی مقامی عدالت سے عبوری ضمانت کرا رکھی ہے۔

About The Author