لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد نہیں آئیں گے کیونکہ یہ بہت ہی نازک وقت ہے اور دھرنا ابھی گرے لسٹ میں ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا امریکا کو کہتے تھے مجھے لاؤ، قوم ابھی وہ نہیں بھولی جب مولانا امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور پھر الیکشن میں کود پڑے تھے، انہوں نے پہلے بے نظیر کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیاست میں وقت بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور دھرنا ابھی تک دھندلا ہوا ہے، مولانا اسلام آباد نہیں آئیں گے اور انہیں فیس سیونگ دی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دینی مدرسے ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں اور مجھے فضل الرحمان سے زیادہ دینی مدارس کی فکر ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہمارے دینی مدرسے پہلے ہی مغربی میڈیا کی زد میں ہیں، مولانا ڈنڈا برداروں کو ایسے دکھا رہے ہیں جیسے دہشت گرد تیار ہو رہے ہیں۔
شیخ رشیدنے کہا کہ مدرسے دین کے مینار ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، مولانا اسلام آباد کی دھوپ میں دین کی قوتوں کو خراب نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ن لیگ والے ختم نبوت ﷺ کا قانون لا رہے تھے تو فضل الرحمان بھی ان کے ساتھ تھے۔
وزیر ریلوے نے دھرنے والوں کو خبردار کیا کہ نیشنل ایکشن پلان ان ایکشن ہے، جو یہ سمجھتا ہےکہ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے سے مسائل حل ہو جائیں گے وہ عقل کا اندھا ہے۔
شیخ رشید کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں خوشگوار حالات ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ اور عمران خان ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ اس وقت جو ملکی سلامتی کے بارے میں فکرمند ہیں وہ سیاسی خلفشار پر بھی فکر مند ہیں، وہ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جیسی تیسی معیشت ہے ملک کو چلنے دیں۔
جے یو آئی (ف) کے دھرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا اب بھی گرے لسٹ میں ہے، اس بار جمہوریت کو شب خون لگا تو فیصلے جلدی ہوں گے اور 400 سے 600 لوگ اندر ہوں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سارے سیاسی چوہدری مر بھی جائیں تو فضل الرحمان کو اقتدار نہیں ملے گا، مولانا جن کے اشارے پر سیاست کھیل رہے ہیں ان کی سیاست بھی تباہ ہو گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ سارے سیاستدان ایک این آر او کی مار ہیں لیکن عمران خان کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاملات 21 سے 26 تک بہتر ہو جائیں گے، معاملات بہتر نہ ہوئے تو ذمے دار نواز شریف اینڈ کمپنی ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ مہنگائی بڑھنے کی وجہ ہم ہیں لیکن اس کے ذمے دار شریف برادران اور آصف زرداری ہیں۔
اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری نے ملک کو بے دردی سے لوٹا، ان لوگوں نے ملک کو صرف لوٹا نہیں بلکہ نوچا ہے۔
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ