نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

خیبر پختونخوا:سرکاری فنڈسے طالبات میں برقعے تقسیم کئے جانے کا انکشاف

مردان: پاکستان کے شمالی صوبہ خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کی طالبات کو برقعے پہنانے کے لیے سرکاری فنڈ سے خریداری کرکے برقعے تقسیم کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔

ذرائع کےمطابق خیبرپختونخوا کے علاقے مردان رستم میں واقع چینہ کے اسکول کی طالبات میں برقعے تقسیم کیے گئے ہیں۔انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق طالبات میں تقسیم کرنے کے لیے برقعوں کی خریداری ضلع کونسل کے فنڈ سے کی گئی ہے۔

مردان گورنمنٹ مڈل اسکول چینہ کی 90 طالبات میں برقعے تقسیم کیے گئے ہیں۔

سابق رکن ضلع کونسل مظفر شاہ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ مردان کی علاقائی روایات کے پیش نظر پردہ کرنے کے لیے طالبات کو برقعے دیے گئے ہیں۔ برقعوں کی تقسیم ان کی جانب سے کی گئی ہے۔

صوبہ کے پی میں گزشتہ دنوں سرکاری اسکول کی طالبات کے لیے پردہ لازمی قرار دینے کا اعلامیہ بھی محکمہ تعلیم کے ایک افسر کی طرف سے جاری کیا گیا تھا جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان کے احکامات پراسے فوری طور پر واپس لے لیا گیا تھا۔

کے پی کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ صرف ایک ضلع میں والدین کی مرضی پر اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔ انہوں ںے کہا کہ پردہ مذہب کا حصہ ہے لیکن زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے واضح کیا تھا کہ صوبہ کے پی میں طالبات کے لیے چادر یا عبایا لازمی قرار دینے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ متعلقہ اسکولوں کو جاری کردہ اعلامیہ واپس لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

About The Author