اپریل 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بیانیہ اور شناخت کے بحران ۔۔۔||حیدر جاوید سید

حیدر جاوید سید سرائیکی وسیب سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے نامور صحافی اور تجزیہ کار ہیں، وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کےمختلف قومی اخبارات میں مختلف موضوعات پر تواتر سے کالم لکھ رہے ہیں، انکی تحریریں انہی کی اجازت سے ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر کی جارہی ہیں،

حیدر جاوید سید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تاریخ و سیاسیات اور صحافت کے طالب علم کے لئے یہ امر باعثِ حیرت ہے کہ بٹوارے کے 75 سال بعد بھی ہمارے ہاں ”قومی بیانیہ“ کی تلاش جاری ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اگر 75 برس قومی بیانیہ کے نام پر سرابوں کے تعاقب میں گزار دیے ہیں تو چوتھائی صدی مزید برباد کر لینے میں کیا ہرج ہے۔

ذرا سنچری (صدی) پوری ہو جائے پھر اس وقت جو بچ رہیں وہ مل بیٹھیں اور تلاش کریں۔ اچھا یہ تلاش دو طرح کی ہوگی اولاً اس قوم کی جس کا بیانیہ تشکیل دینا ہے۔ ثانیاً بیانیہ کی۔

حیران نہ ہوں وضاحت سے عرض کیے دیتا ہوں ہم اور آپ جس جغرافیائی حدود میں آباد ہیں کئی ہزاریوں تک اس کی شناخت انڈس ویلی کے طور پر رہی یعنی کبھی ہند اور سندھ ہوتے تھے۔ پھر متحدہ ہندوستان بن گیا اور اگست 1947 ء کے حالات میں متحدہ ہندوستان دو نئے ملکوں میں بٹ گیا۔

ویسے آج کل یہاں تین ملک ہیں۔ بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان۔

پاکستان جس جگہ قائم ہے یہ قدیم انڈس ویلی ہے۔ اسی سرزمین میں کئی ہزاریوں سے پشتون، پنجابی، بلوچ، سندھی اور سرائیکی قومی شناخت کی حامل قومیں بستی ہیں۔

اپنی قدیم تہذیبوں، ثقافت، سماجی اقدار اور علمی و تاریخی ورثے کی حامل ان اقوام کی سرزمین پر 15 اگست 1947 ء کو پاکستان بن گیا (ابتدائی طور پر یہ مغربی پاکستان کہلایا کیونکہ بنگال کی تقسیم کی صورت میں اس کا مشرقی حصہ مشرقی پاکستان کہلایا)

اصولی طور پر ہونا یہ چاہیے تھا کہ نئی مملکت کی عالمی شناخت اور دیگر معاملات کے حوالے سے یہاں کی مقامیت، تاریخ اور دوسرے امور کو مدنظر رکھا جاتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ابتداء میں کہا گیا کہ چونکہ متحدہ ہندوستان کی ہندو اکثریت مسلم اقلیت کے سیاسی معاشی اور سماجی حقوق دبا لیتی اس لئے پاکستان بنانا ضروری تھا۔

پھر 1948 ء میں ایک قرارداد مقاصد آ گئی جس سے پتہ چلا کہ مسلمانوں کو اپنے دین اور ثقافت وغیرہ کے تحفظ کے لئے ایک مملکت کی ضرورت تھی اس لئے پاکستان بنانا پڑا۔

یوں بات سیاسی معاشی اور سماجی حقوق سے دینی و ثقافتی اور دیگر امور تک پہنچ گئی۔ سادہ لفظوں میں اگر یہ کہا جائے کہ جناح صاحب نے 11 اگست 1947 ء میں دستور ساز اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں جو تقریر کی تھی وہ نئی مملکت کا بیانیہ تھا لیکن قرارداد مقاصد کی منظوری اور لیاقت علی خان کی جانب سے اس کی ہمنوائی نے مملکت کے بانی کے بیانیہ کے پرخچے اڑا کر رکھ دیے تو یہ غلط نہیں ہو گا

تمہید طویل ہو گئی یہ ساری باتیں کچھ کیں اور کچھ یاد آ گئیں۔ اس دن جب چند روز قبل برادرم احمد سہیل نصراللہ کے توسط سے لاہور کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے ”سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن“ میں قومی بیانیہ اور میڈیا وار کا مقابلہ کے عنوان سے ایک مکالماتی نشست میں شرکت کی دعوت ملی۔

ابتداً تو یہی سوچا کہ یونیورسٹی نہ جایا جائے اس کی ایک وجہ اس طرح کی تقریبات میں شرکت سے گریز ہے کیونکہ جہاں ”سرکار“ کسی نہ کسی طرح موجود ہو وہاں وہی روایتی حب الوطنی کے سودے بیچے جاتے ہیں

دوسری وجہ چند برس قبل پنجاب یونیورسٹی کے ایک شعبہ میں یوم امام حسینؑ کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کے بعد وائس چانسلر اور یونیورسٹی کے اندر ”دور“ تک رسائی رکھنے والے خفیہ محکموں کا سیخ پا ہونا تھا کہ مجھے کیوں بلایا گیا۔ تب بلانے والے دوستوں کے لئے خاصی مشکل بن گئی تھی

برادرم احمد سہیل نصراللہ اور سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محترمہ انجم ضیاء صاحبہ کے حکم کی تعمیل بہرطور کرنا پڑی۔

یہ مکالماتی نشست یونیورسٹی نے ایک تنظیم کے اشتراک سے منعقد کی تھی اس تنظیم کے سربراہ ریٹائر لیفٹیننٹ جنرل بھی نشست میں موجود تھے۔ انتخاب حنیف، فرخ سہیل گوئندی، صہیب مرغوب اور چند دیگر دوستوں سے اس تقریب کے بہانے طویل عرصے بعد ملاقات ہو گئی۔ مکالماتی نشست دو حصوں میں تھی پہلے حصے میں مہمانوں کے علاوہ شعبہ کی سربراہ نے مختصراً گفتگو کی دوسرے حصے میں طلباء و طالبات کے مقررین سے سوالات تھے جن کا جواب دیا گیا۔

نشست کے دونوں حصوں میں یہی عرض کیا کہ پون صدی سے خرابوں کو بہار سمجھنے کی عادت نے ہمیں کہیں کا نہیں رکھا۔ نصاب تعلیم سے ابتداء کیجئے اس میں اس خطے کی مقامیت کتنی ہے۔ حملہ آوروں اور بدیسی تاریخ کے قصے کتنے۔ ہم طالب علم تھے اس وقت سے پوچھ رہے ہیں کہ ہمارے نصاب تعلیم میں ”ہم“ کہاں ہیں اور دستیاب تاریخ میں ہمارا حصہ کتنا ہے؟

جس ملک کی تاریخ میں اس سرزمین کی ہزاریوں کی تاریخ کو روند کر یہ پڑھایا رٹایا جاتا ہو کہ حملہ آور نجات دہندہ تھے۔ قاتل مسیحا اور غاصب رہنما وہاں کسی ایسے بیانیہ کی تشکیل جو عصری شعور سے عبارت ہو ممکن تو کیا اس کی ضرورت ہی نہیں۔

75 سالوں میں چار بار مارشل لاء لگے چاروں بار نیا قومی بیانیہ رٹوایا گیا۔ ایک عدد قومی بیانیہ قرارداد مقاصد کی کوکھ سے تخلیق ہوا۔

مستقل تو کوئی چیز تھی نہ ہے پھر بیانیہ مستقل کیسے ہوتا۔ یہ بھی عرض کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم سمجھ لیں کہ عرب و فارس اور ترکی و غرناتا وغیرہ کی تاریخ ہماری تاریخ نہیں۔

ہمیں اپنی تاریخ اپنی سرزمین میں تلاش کرنا ہوگی۔ مہر گڑھ، ہاکڑا، ملتان، موہنجو داڑو، ہڑپہ، گندھارا میں اپنی تاریخ اور ثقافت تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

افسوس کہ مخصوص سوچ کے محروم و مایوس لوگوں نے ہماری تاریخ اور شناختوں کو پامال کر کے پدرم سلطان بود کو رواج دیا۔

گزرے 75 برسوں میں ہم نے ایک لمحہ کے لئے بھی یہ نہیں سوچا کہ اصل سے کم اصل کٹتے ہیں۔ یعنی سادہ لفظوں میں یہ کہ لوگوں کو ان کی حقیقی تاریخ، تہذیب اور شناخت سے کاٹ کر مصنوعی چیزوں پر اکتفا کرنے پر مجبور کر دیا گیا یہی ساری خرابی کی بنیاد ہے۔

ہمیں قومی بیانیہ تشکیل دینا ہے تو پھر اپنے اصل کے ساتھ جڑنا ہو گا۔ ہمارا اصل یہ ہے کہ ہم تھے، ہم ہیں، ہم ہوں گے یہی ہماری تاریخ ہے۔ مذہب کی تبدیلی کے ساتھ قومی شناخت بدل جانے کی متھ سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ حملہ آور حملہ آور تھے زمین زادے زمین زادے تھے اور ہیں۔ میرے لئے بہت دلچسپ اور غیرمتوقع نہیں تھا اس نشست میں متحدہ ہندوستان کی تقسیم کے حوالے سے مصنوعی نصاب تعلیم کے رٹو طوطے والے اسباق کا دہرایا جانا نہ اس پر حیرت ہوئی کہ بٹوارے کی نفرتوں میں اپنا حصہ تلاش کر کے اس کا اعتراف کرنے کی بجائے سارا ملبہ ہندوؤں اور کانگریس پر ڈال دینا۔

یہ بدقسمتی سے اس ملک کی عمومی سوچ ہے اور جب ہماری بڑی درسگاہوں میں بھی اسی ریت پریت کی پوجا پاٹ ہوگی تو نئی نسل کو عصری شعور کی دولت کہاں سے ملے گی؟

البتہ اس امر پر خوشی ہوئی کہ طلباء و طالبات نے گفتگو کے شرکاء (مقررین) کو نہ صرف تحمل سے سنا اور ان کے سوالات سے یہ احساس دوچند ہوا کہ طلباء و طالبات نصاب کے علاوہ بھی پڑھتے سنتے ہیں۔

مکرر ان سطور کے توسط سے یہ عرض کرنے میں کوئی امر مانع نہیں کہ ہمارے پالیسی سازوں کو دو کام فوری طور پر کرنا ہوں گے اولاً یہ کہ سکیورٹی اسٹیٹ کے پروپیگنڈے کو ایک طرف رکھ کر قومی نصاب کمیشن اور تاریخ کمیشن بنانا ہوں گے۔

قومی نصاب کمیشن، نصاب تعلیم کو عصری ضرورتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مقامیت کا رنگ بھی بھرے تاکہ ہماری نئی نسلیں یہ جان پائیں کہ ہم دنیا کی ان قدیم تہذیبوں کے وارث ہیں جو اپنے اپنے وقت کی جدید ترین تہذیبیں تھیں۔

تاریخ کمیشن، ہماری تاریخ میں ہمیں لائے یعنی اس خطے کی تاریخ کو۔

یہ سطور لکھتے ہوئے یاد آیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ہسٹری کمیشن بنایا گیا تھا ابتدائی کام بھی ہوا پھر جنرل ضیاء کا مارشل لاء آ گیا اس مارشل لاء کے گیارہ سالہ دور میں وہی قرارداد مقاصد، دو قومی نظریہ، نظریہ پاکستان اور مسلم ہیں ہم سارا جہاں ہمارا کے سودے فروخت ہوئے

ان سودوں کے سٹاکسٹوں نے ہسٹری کمیشن بند کروا دیا۔ نتیجہ کیا نکلا ہم آج بھی بیانیہ اور شناخت کے بحرانوں سے دوچار ہیں۔

ہماری نسل کے اہل دانش کے ساتھ آج کے پالیسی سازوں کو سوچنا چاہیے کہ بیانیہ اور شناخت کے بحران اگلی نسلوں کو ورثے میں دینے ہیں یا انہیں اپنے ہونے کا شعور اور فخر؟

یہ بھی پڑھیں:

%d bloggers like this: