اپریل 26, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان اور دنیا بھر میں جی بی کے عوام کی آواز بنیں گے،بلاول بھٹو زرداری

جب جی بی کے عوام نے صدر آصف علی زرداری کا ساتھ دیا تو صدر زرداری نے جی بی کو شناخت دی

اسلام آباد

 چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی پارٹی عمران خان کو اس بات کی قطعی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری پولیس

ہماری رینجرز اور ہماری فوج کو اپنی ٹائیگرز فورس میں تبدیل کر دے۔ یہ بات انہوں نے گلگت بلتستان کے ضلع روندو میں انتخابات 2020ءکے سلسلے میں ہونے والی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سابق گورنر جی بی قمر زمان کائرہ اور پی پی پی جی بی کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ تھے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ضلع روندو اور جی بی کے عوام نے جب شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا تو

انہوں نے جی بی میں ایف سی آر کا خاتمہ کیا، کھانے پینے کی اشیائ، پٹرول اور کپڑوں پر جی بی کے عوام کو سبسیڈی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار بھی فراہم کیا۔ جب جی بی کے عوام نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا

تو شہید بی بی نے جی بی کو جمہوریت دی، انتخابات دئیے، پاکستانی قومی اداروں کو جی بی لائیں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے ذریعے جی بی کی خواتین کو روزگار مہیا کیا۔

جب جی بی کے عوام نے صدر آصف علی زرداری کا ساتھ دیا تو صدر زرداری نے جی بی کو شناخت دی

اسمبلی دی، گورنر اور وزیراعلیٰ دیا، جی بی کو 25ہزار نوکریاں دیں اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 150فیصد اور پنشنوں میں 100 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب جب آپ میرا اور پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے تو پارٹی آپ کے نمائندوں کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھیجے گی، جی بی کے عوام پاکستان کے وزیراعظم کو منتخب کر سکیں گے

اور وہ پاکستان کے لئے فیصلوں میں شریک ہوں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی جی بی کے عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دے گی

اور سندھ کی طرح جی بی کے عوام کو بینظیر مزدور کارڈ دے گی اور پورے جی بی میں دل، جگر اور گردوں کے مفت ہسپتال قائم کرے گی۔

ہم آپ کو عمران خا ن اور تحریک انصاف کی تباہی سے بچائیں گے جنہوں نے عوام کو نوکریوں سے نکالا ہے اور حال ہی میں ریڈیو پاکستان اور پاکستا ن ٹیلی ویژن سے ہزاروں لوگوں کو بیروزگار کر دیا ہے۔

آج پاکستان میں ہر طبقہ عمران خان کی سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو غریبوں، ناداروں اور مظلوموں کا ساتھ دیتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ

وہ پیپلزپارٹی کو دوتہائی اکثریت دلوائیں تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب شرمندہ تعبیر ہو سکیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ

ضلع روندو سے پیپلزپارٹی کے امیدوار وزیر محمد خان کو ووٹ دیں اور تمام کٹھ پتلی اور آزاد امیدواروں کو مسترد کر دیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پاکستان کو ایک جمہوری اوار خوشحال ملک بنانے کے لئے پی ڈی ایم کی حمایت کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان اور دنیا بھر میں جی بی کے عوام کی آواز بنیں گے۔

%d bloggers like this: