مئی 4, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام

محنت کش طبقہ خصوصاً دیہاڑی دار مزدور کرونا وائرس کے باعث معاشی خرابی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، بلاول بھٹو زرداری

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں کہاہے کہ محنت کش طبقہ خصوصاً دیہاڑی دار مزدور کرونا وائرس کے باعث معاشی خرابی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا عالمی معیشت سکڑ رہی ہے، حکومتوں پر لازم ہے کہ وہ محنت کشوں کا ساتھ دیں،مہلک وباء نے نیو لبرل معاشی پالیسیوں کی خامیوں کو بے نقاب اور حکومتوں کی مزدور دشمن پالیسیوں کو ننگا کردیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مذکورہ پالیسیاں بہت سارے لوگوں کو نقصان دے کر مٹھی بھر افراد کو فائدہ پہنچانے والی ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وباء کے دوران غریبوں اور دہاڑی دار مزدوروں کو جلد امداد کی فراہمی یقینی بنائیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ افسوس ہے کہ غریب مزدوروں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ریاست نے مزدوروں و محنت کشوں کے حقوق کو تحفظ دینے کی ذمیداری کا بوجھ اپنے کندھوں سے اتار دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا موجودہ حالات میں اداروں کی نجکاری اور صوبوں کو ان کے آئینی اختیارات و رقوم سے محروم رکھنے کی سازشیں لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران کسی بھی ملازم کے ملازمت سے نکالنے پر پابندی عائد کی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا سندھ میں لاکھوں بے روزگار مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو ان کے گھروں کی دہلیز پر راشن فراہم کیا گیا۔

انہوں نے کہا وفاقی حکومت بے روزگار مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کم سے کم اجرت کی بنیاد پر اس وقت تک مالی امداد فراہم کرے۔

بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ امداد تب تک جاری رہے، جب لاک ڈاؤن کو ختم کرنے اور لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر کام پر واپس بھیجنا ممکن نہیں ہوتا۔یہ مزدور ہی ہیں جو معیشت اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کے بنیادی اصولوں پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے محنت کش طبقے کی حفاظت کریں گے۔ایسی معیشت کی تشکیل دیں گے جہاں مزدوروں کا استحصال نہ ہو۔

انہوں نے کہا یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ملک میں پہلی لیبر پالیسی کا اجراء کیا اور مزدوروں کی محنت کی قدر کو تسلیم کیا۔یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے بینظیر اسٹاک آپشن سکیم نافذ کرکے ملازمین کو پیداواری منافعے اور دولت میں شراکت دار بنایا۔

بلاول نے کہا یہ بھی پیپلز پارٹی ہی ہوگی جو صنف ، ذات پات اور نسل کے امتیاز سے بالاتر ہوکر پاکستان میں مزدوروں کے استحصال کے خاتمے کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

%d bloggers like this: