اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ چینی قیادت سے علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم زراعت، صنعت اور سماجی واقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لائحہ عمل کے تحت منصوبوں کو توسیع دینے سے متعلق امورپربھی بات چیت کرینگے۔
عمران خان بیجنگ میں چین پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی وفودکے تبادلوں کومزیدفروغ دیناہے۔
وزیر اعظم پاکستان چینی تاجروں اورمختلف کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ فریقین چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر فوری عملدرآمد پر تبادلہ خیال کریں گے جس پر دونوں تزویراتی شراکت داروں نے دستخط کئے تھے جس کامقصد دوطرفہ کاروبار اور تجارت کومزید فروغ دینا ہے۔ وہ چاول، گندم، مکئی، سویابین، چینی اورتمباکوجیسی تمام پاکستانی زرعی مصنوعات کے کوٹے کے خاتمے پر غور کریں گے۔
عمران خان کے ہمراہ تین وفاقی وزرا اور ایک مشیر بھی ہیں جن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ شامل ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نےچین روانگی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کے پہاڑ سے بھی بلند ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران معیشت ، اقتصادیات، مسئلہ کشمیر اور پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ایم ایل ون اور ایم ایل ٹو کی بھی بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا یہ تیسرا دورہ ہے-
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ