مئی 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سینئر فلم ہدایت کار اور پروڈیوسر ایس سلیمان چل بسے

ایس سلیمان کی پہچان ان کے دو نامور فلمی اداکار بھائی موسیٰ رضا المعروف سنتوش کمار اور سید عشرت عباس المعروف درپن سے بھی ہے، جبکہ وہ معروف اداکارہ زری پنا کے شوہر تھے

لالی ووڈ کا ایک اور دمکتا ستارہ بجھ گیا،، سینئر ہدایت کار اور پروڈیوسر ایس سلیمان چل بسے،، مایہ ناز ڈائریکٹر، معروف اداکارہ زری پنا کے شوہر، سنتوش کمار اور درپن کے بھائی تھے،
شوبز کی دنیا کا بڑا نام،، فلم اور ٹیلی ویژن کے مایہ ناز ہدایت کار، سید سلیمان، المعروف ایس سلیمان انیس سو اڑتیس کو پیدا ہوئے، انہوں نے فلمی کیرئیر کا آغاز بطور معاون ہدایت کار انیس سو اٹھاون میں فلم مکھڑا سے کیا اور پھر مڑ کر نہیں دیکھا

ایس سلیمان کی ڈائریکشن میں پہلی فلم گلفام انیس سو اکسٹھ میں ریلیز ہوئی،، سینئر ہدایت کار نے ساٹھ سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی،، جن میں آگ، سبق، بھول، بہاروں کی منزل، زینت، تصویر اور الزام، اناڑی، محبت، لوری، تیری صورت میری آنکھیں، تیرے بنا کیا جینا، بے وفا، باجی اور دیگر شامل ہیں

انیس سو چھہتر میں ایس سلیمان کو فلم آج اور کل پر سال کے بہترین ہدایت کار کا نگار ایوارڈ بھی ملا،، فلموں کے علاوہ انہوں نے دو ہزار چار میں ڈرامہ سیریل انا اور دوہزار چھ میں کچھ دل نے کہا، نامی سیریل کی ہدایات بھی دیں

ایس سلیمان کی پہچان ان کے دو نامور فلمی اداکار بھائی موسیٰ رضا المعروف سنتوش کمار اور سید عشرت عباس المعروف درپن سے بھی ہے، جبکہ وہ معروف اداکارہ زری پنا کے شوہر تھے

اہلیہ کے مطابق ایس سلیمان گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، دو روز پہلے ان کی حالت بگڑی، نمونیہ کا اٹیک ہوا اور جانبر نہ ہو سکے،ایس سلیمان نے سوگوار میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑے، بیرون ملک مقیم بڑے بیٹے کی واپسی پر جمعہ کو لاہور میں ان کی تدفین کی جائے گی

%d bloggers like this: