مئی 13, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

دہشتگردوں کے سہولتکار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے آمر سرپرستوں کے خلاف جدوجہد کے دوران قوم نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہ

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی پانچویں برسی کے موقعے پر معصوم شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ انتھاپسندی و دہشتگردی درحقیقت امن و ترقی کے دشمن ہوتے ہیں۔ دہشتگردوں کے سہولتکار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں، جبکہ بطور قوم ہماری ذمیداری ہے کہ اب ہم بولیں کہ ‘دوبارہ ایسا نہیں ہوگا’۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر انتھاپسندی و دہشتگردی کو بطور آلہ استعمال کیا گیا، جبکہ ایک مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کے لیئے پوری قوم کے شہریوں کو یرغمال بناکر مسلسل خوف میں مبتلا رکھنا تھا۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ دو ٹوک موقف رہا ہے اور ہمیشہ ببانگِ دہل یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کا یہ حق ہے کہ وہ اپنی زندگی اس طرح گذاریں کہ ان کی ذات یا عقیدے کی آزادی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ موقف اختیار کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کو بہت بھگتنا پڑا، کیوں کہ ہماری قیادت سمیت بیشمار کارکنان کو اس جنگ کے دوران شہید کیا جاتا رہا۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کا غم ہمارے لیئے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا اور یہ ہماری تاریخ میں اس وقت تک ایک بدنما دھبہ رہے گا جب تک کہ ہم ان قوتوں سے نبرد آزما نہیں ہوتے جو نہ فقط اس جرم میں ملوث تھے بلکہ وہ بھی جنہوں نے دہشتگردی کی آبیاری کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے آمر سرپرستوں کے خلاف جدوجہد کے دوران قوم نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے۔ دہشتگردی کے ہاتھوں اپنی جان گنوانے والے 60 ہزار بیگناہ شہریوں میں شہید محترمہ بینظیر بھَٹو کا خون بھی شامل ہے، جو دہشتگردی اور اس کی پرورش کرنے والی آمریت کے خلاف سینہ سپر ہونے کی پاداش میں قتل کردیا گیا تھا۔

پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت انتھاپسندی و دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار نبھاتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہ پی پی پی ہمیشہ مساوات پر مبنی، پر امن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لیئے سرگرمٰ عمل رہی ہے اور تمام پاکستانیوں کی آزادی اور ان کے حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔

%d bloggers like this: