مئی 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستانی زائرین کے عراقی ویزا کے مسائل حل ہوگئے ہیں ، وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی

انہوں نے یہ دعوی آج اپنے ایک وڈیو بیان میں کیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری ابھی عراق کے وزیر خارجہ محمد علی حاکم سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے۔

اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعوی کیاہے کہ پاکستانی زائرین کے ویزا کے مسائل حل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے یہ دعوی آج اپنے ایک وڈیو بیان میں کیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری ابھی عراق کے وزیر خارجہ محمد علی حاکم سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے کہ اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پچھلی مرتبہ بھی یہ مسئلہ سامنے آیا تھا جسے بروقت رابطہ کر کے حل کر لیا گیا ،اس مرتبہ بھی وہی مسئلہ درپیش ہوا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں عراقی حکومت اور ان کی وزارت خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست کو قبول کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے ویزا کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں ان کو ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ اس سلسلے میں جو اضافی اسٹاف درکار ہو گا وہ بھی عراقی سفارت خانے سے بھیجا جائے گا تاکہ ویزہ کے امور بروقت تکمیل پا سکیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے تھاہم نے یہ بھی طے کیا ہے کہ اس مسئلے کے مستقبل حل کیلئے کوئی باہمی متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے جیسا کہ عراق اور خلیجی ممالک کے مابین ہے تاکہ آئندہ یہ مسائل پیش نہ آئیں اورپاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے انہیں دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی ہے جو انہوں نے قبول کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عراقی حکومت کی خواہش ہے کہ نہ صرف اہل تشیع بلکہ اہل سنت بھی جو زائرین زیارات کیلئے عراق آمد کے خواہاں ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے عراقی ہم منصب کے حوالے سے کہا کہ عراق میں امام ابو حنیفہؒ  اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے روضہ پر بھی جو آنا چاہیں وہ انہیں سہولت فراہم کریں گے ، ہمیں خوشی ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔

%d bloggers like this: