اپریل 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

تاریخ کا خود کو دہرانے کا عمل|| نصرت جاوید

روسی صدر مزید فکر مند اس لئے بھی ہو رہا ہے کیونکہ افغانستان میں بسے تاجک افراد کی اکثریت طالبان کی کابل میں فاتحانہ واپسی سے خوش نہیں۔ خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے ان کے ہزاروں کنبے تاجکستان منتقل ہونے کو بے چین ہیں۔

نصرت جاوید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیر کے روز پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے نہایت اخلاص سے عالمی رہ نماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ دنیا کو درپیش مسائل کا حل ڈھونڈنے کے لئے ہمارے وزیر اعظم کی بصیرت سے رجوع کریں۔ یہ مشورہ دیتے ہوئے صدر عارف علوی نے بہت مان سے ہم کو یہ بھی یاد دلایا کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران عمران خان صاحب وہ واحد سیاست دان تھے جو شدت اور ثابت قدمی سے یہ پیغام دینے کو مصر رہے کہ افغانستان کا فوجی حل موجود نہیں ہے۔ ان کی رائے کو مگر توجہ سے سننے کی کوشش بھی نہیں ہوئی۔ بالآخر کھربوں ڈالر اور لاکھوں انسانی جانوں کے زیاں کے بعد امریکہ کو طالبان سے مذاکرات کے ذریعے افغانستان سے انخلاء کے راستے ڈھونڈنا پڑے۔

حسین اتفاق یہ ہوا ہے کہ عارف علوی صاحب کے برسرعام دیے مشورے کے عین دوسرے روز روسی صدر پوٹن نے عمران خان صاحب سے ٹیلی فون پرگفتگو کی۔ اس گفتگو کے دورانیے اور زیر بحث آئے موضوعات کی تفصیلات کا مجھے علم نہیں۔ اہم بات مگر یہ ہے کہ روسی صدر پاکستان کے وزیر اعظم سے گفتگو کو راغب ہوا۔

پوٹن کمیونسٹ دور میں سوویت یونین کی انٹیلی جنس ایجنسی۔ کے جی بی۔ کا متحرک ترین افسر رہا ہے۔ ہمارے وزیر اعظم صاحب کی طرح خود کو جسمانی اعتبار سے فٹ رکھنے کے لئے روزانہ ورزش کا عادی بھی ہے۔ سوویت یونین کی تباہی کے بعد روس میں جو انتشار پھیلا تھا اسے قابو میں لانے کا سارا کریڈٹ اس کی استقامت اور ذہانت کو دیا جاتا ہے۔ اس کا ذاتی رجحان مذہبی بھی ہو رہا ہے۔ گلے میں صلیب پہنتا ہے اور اس امر کا خواہاں کہ اس کا ملک مسیحی اقتدار کی حتمی علامت بن جائے۔

وہ سنجیدگی سے سوچتا ہے کہ مغرب کے سرمایہ دارانہ نظام نے جو جمہوریت متعارف کروائی ہے وہ خلق خدا کے مسائل کا حل فراہم نہیں کرسکتی۔ معاشرے میں امن وسکون یقینی بنانے کے بجائے انفرادی آزادیوں کے چونچلے لوگوں کو خود غرض بنادیتے ہیں۔ وہ خاندانی رشتوں کا احترام بھی بھلادیتے ہیں۔ فقط اپنی ذات تک محدود ہوئے افراد بالآخر ایک باوقار قوم کی نمائندگی کے بجائے منتشر ہجوم میں تبدیل ہو جاتے ہیں جو قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرات کے موجب بھی ہوتے ہیں۔

کامل اختیارات کے حصول کے بعد پوٹن اب مغرب کو کئی محاذوں پر للکارنا شروع ہو گیا ہے۔ وہ اس کے خلاف ثقافتی جنگ برپا کرنے کو بھی ہمہ وقت تیار ہے۔ ہمارے وزیر اعظم بھی طویل وقت گزارنے کے بعد مغربی اقدار سے بیزار ہوچکے ہیں۔ پوٹن اور ان کے مابین نظریاتی ہم آہنگی استوار ہونے کے لہٰذابے پناہ امکانات ہیں۔ عمران خان صاحب کو انہیں ٹھوس شکل دینے کی کوشش کرنا چاہیے۔

روس نے کمیونسٹ نظام کے دوران افغانستان کو ازبکستان وغیرہ کی طرح اپنی کالونی بنانے کی کوشش کی تھی۔ جہادنے مگر اسے بدترین شکست سے دو چار کیا۔ مذکورہ جہاد کا طاقت ور ترین سرپرست ہوتے ہوئے بھی امریکہ مگر نائن الیون کے بعد افغانستان میں درآیا۔ دو دہائیوں کی طویل جنگ بھی لیکن اسے افغانستان کا حاکم نہ بناپائی۔ اب ذلت آمیز انداز میں وہاں سے رخصت ہو گیا ہے۔ افغانستان کی جان چھوڑتے ہوئے امریکہ کے ذہن میں لیکن یہ سوچ بھی تیزی سے حاوی ہو رہی ہے کہ طالبان ویسے ہی سخت گیر اور متشدد رہیں گے جیسے 1997 میں کابل پر قبضے کے بعد نظر آتے تھے۔ دین کا بزورطاقت فروغ امریکہ کی نگاہ میں طالبان کا حقیقی ہدف ہے۔ اسی باعث واشنگٹن کو گماں ہے کہ افغانستان میں سیاسی اعتبار سے مستحکم اور معاشی حوالوں سے خوش حال معاشرہ تعمیر کرنے کے بجائے طالبان اپنے ہمسایہ ممالک میں وہ نظام پھیلانے کی کوشش کریں گے جو ان کی دانست میں حقیقی اسلام ہے۔

پاکستان بھی مذکورہ امکان سے غافل نہیں۔ عمران خان صاحب کو تاہم اعتماد ہے کہ دین سے اپنی ذاتی رغبت کی بنا پر وہ طالبان کے متعارف کردہ ورژن سے پاکستان کو محفوظ رکھ پائیں گے۔ روس اس ضمن میں ان جیسا پراعتماد نہیں۔ وسطی ایشیاء میں افغانستان کی ہمسایہ ریاستیں روس کی قیادت میں قائم سوویت یونین کا حصہ رہی ہیں۔ کمیونزم کی تباہی کے بعد وہاں بھی احیائے اسلام کی تڑپ اجاگر ہوئی۔ ازبکستان نے پوری شدت سے اس تحریک کو ابھرنے نہیں دیا۔ تاجکستان البتہ طویل عرصے تک خانہ جنگی کا شکار رہا۔ روس ان دونوں ممالک کو ہر صورت اپنے حلقہ اثر میں رکھنا چاہتا ہے۔ اسے خدشہ ہے کہ اگر وہاں مذہب کے نام پر پرتشدد تحاریک کا آغاز ہو گیا تو ماسکو بھی ان کے اثرات سے محفوظ نہیں رہے گا۔ پوٹن نے ذاتی طور پر چیچنیا میں احیائے اسلام کی تحریک کو ناکام بنانے کے عمل کی نگرانی کی ہے۔ وہ افغانستان پر بھی کڑی نگاہ رکھنے کو مجبور ہے۔

روسی صدر مزید فکر مند اس لئے بھی ہو رہا ہے کیونکہ افغانستان میں بسے تاجک افراد کی اکثریت طالبان کی کابل میں فاتحانہ واپسی سے خوش نہیں۔ خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے ان کے ہزاروں کنبے تاجکستان منتقل ہونے کو بے چین ہیں۔ تاجکستان کا صدر جو اپنے ملک کی مساجد اور مدارس پر کڑی نگاہ رکھتا ہے اس وجہ سے بہت پریشان ہے۔ طالبان نے جس حکومت کا اعلان کیا ہے وہ اس میں تاجکوں کی نمائندگی کے بارے میں مطمئن محسوس نہیں کررہا۔ یہ مطالبہ دہرا رہا ہے کہ طالبان حکومت میں تاجک لوگوں کو ان کے جثے کے مطابق حصہ دیا جائے۔

پوٹن کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ وسطی ایشیاء کا غریب ترین ملک ہوتے ہوئے تاجکستان اگر طالبان کے عروج اور استحکام سے واقعتاً گھبرا گیا تو خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے امریکہ اور مغرب کے دیگر ممالک کی توجہ کا طلب گار ہو گا۔ فرانس کی افغانستان میں بسے تاجکوں کے ساتھ تاریخی دوستی رہی ہے۔ وہ احمد شاہ مسعود کا دل وجان سے فریفتہ بھی رہا۔ فرانس میں بھی ان دنوں اسلام اور مسلمانوں کو شدید خطرہ بناکردکھایا جا رہا ہے۔ اسی باعث فرانس کا وزیر خارجہ طالبان حکومت کی تشکیل کی بابت مسلسل سوال اٹھارہا ہے۔ ہمارے ازلی ویری بھارت کے بھی تاجکستان سے دیرینہ مراسم رہے ہیں۔ احمد شاہ مسعود کی طالبان کے خلاف مزاحمت کوفوجی تعاون فراہم کرنے کے لئے بھارت نے تاجکستان سے راستے بنائے تھے۔

پوٹن کی یہ خواہش ہے کہ بھارت ماضی کی تاریخ دہرانے سے گریز کرے۔ اسی وجہ سے وہ بھارتی وزیر اعظم مودی کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے۔ مجھے گماں ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم کے ساتھ روابط بڑھاتے ہوئے پوٹن یہ بھی چاہے گا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے معاملات افغانستان کی وجہ سے مزید مخاصمانہ نہ ہوجائیں۔ وہ پاکستان اور بھارت کے مابین بدگمانیوں کو کم ہوتا دیکھنا چاہے گا۔

روس نے ایسا ہی کردار 1966 میں بھی ادا کیا تھا۔ 1965 کی جنگ کے بعد امن کے لئے حتمی مذاکرات پاکستان اور بھارت کے مابین ان دنوں ماسکو کے زیر نگین تاشقند جیسے تاریخی شہر میں ہوئے تھے۔ معاہدہ تاشقند کے باوجود مگر 1971 بھی ہو گیا تھا۔ پاکستان کو دولخت کرنے والی اس جنگ کے دوران کمیونسٹ روس بھارت کا قریب ترین اتحادی تھا۔ بردباری سے کام لیتے ہوئے ہم تاریخ کو خود کو دہرانے سے یقیناً روک سکتے ہیں۔

بشکریہ نوائے وقت

یہ بھی پڑھیں:

کاش بلھے شاہ ترکی میں پیدا ہوا ہوتا! ۔۔۔ نصرت جاوید

بھٹو کی پھانسی اور نواز شریف کی نااہلی ۔۔۔ نصرت جاوید

جلسے جلسیاں:عوامی جوش و بے اعتنائی ۔۔۔ نصرت جاوید

سینیٹ انتخاب کے لئے حکومت کی ’’کامیاب‘‘ حکمتِ عملی ۔۔۔ نصرت جاوید

نصرت جاوید کے مزید کالم پڑھیں

%d bloggers like this: