مئی 10, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

جموں سرینگر ہائی وے پرلینڈ سلائیڈ کے باعث ٹریفک میں شدید خلل

حکام کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش کی وجہ سے ضلع رامبن میں ڈیگڈول کے قریب قومی شاہراہ پر زمین اور چٹانیں کھسک گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک بند کر دی گئی۔

جموں:مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کے قریب قومی شاہراہ پر زمین اور چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل واقع ہوا ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش کی وجہ سے ضلع رامبن میں ڈیگڈول کے قریب قومی شاہراہ پر زمین اور چٹانیں کھسک گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک بند کر دی گئی۔

ٹریفک حکام نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر چٹانیں ہٹانے کا کام فوری طور شروع کیا گیا اور راستے کو صاف کرنے کے بعد دونوں اطراف کے لیے گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی ، تاہم پنتھال اور رامسو میں تازہ لینڈ سلائڈ کی وجہ سے قومی شاہراہ کو دوبارہ بند کر دیا گیا۔

ایک افسر شاہد احمد نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ روڈ کلیئرنس ایجنسیوں کی کوششوں کے باعث 5 بجکر 30 منٹ کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا گیا

گزشتہ روز وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں وقفہ وقفہ برف باری ہوئی۔ تاہم ہفتہ کے روز سے موسم میں بہتری آئی ہے۔

ٹریفک حکام نے کہا کہ وادی کو ملک کی دوسری ریاستوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ جمعہ کے روز برستی بارش میں یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھلی رہی۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر ٹریفک جام ہے لیکن اس کی نوعیت سنگین نہیں ہے۔

سرینگر۔ لیہہ شاہراہ جمعہ کے روز بند رہی جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں خطہ کے پونچھ و راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڑ 7 نومبر سے مسلسل ٹریفک کے لئے بند ہے۔

شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی اور وہاں موجود آٹے میں نمک کے برابر سیاحوں کو برف سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

گلمرگ میں دوپہر تک کم سے کم پانچ انچ برف پڑی جبکہ اس کے بالائی حصوں بشمول افروٹ، کونگ ڈوری میں کم سے کم چھ انچ برف جمع ہوئی تھی۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک اعشاریہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

%d bloggers like this: