مئی 28, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کارکن آزادی مارچ میں سلنڈر، چولھے اور بستر ساتھ لائیں گے، ہدایات جاری

مارچ سے قبل جے یوآئی ف موٹر سائیکل سوار ریلیاں نکالیں گے تبلیغی جماعت کی طرز پر کارکن آزادی مارچ میں شرکت کریں گے ۔

اسلام آباد: جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اعلان کردہ آزادی مارچ کے لیے کارکنوں کو انتظامات بارے ہدایات جاری کردی گئیں۔

جے یو آئی ف کے کارکن آزادی مارچ میں سلنڈر، چولھے اور بستر ساتھ لائیں گے ،جہاں روکا گیا وہیں دھرنا دے کراس شہر کو لاک ڈاون کر دیں گے۔

مارچ سے قبل جے یوآئی ف موٹر سائیکل سوار ریلیاں نکالیں گے تبلیغی جماعت کی طرز پر کارکن آزادی مارچ میں شرکت کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق ایک حساس ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جے یو آئی ف کی میٹنگز کا سلسلہ عروج پر ہے۔ کارکنوں کو گرفتاری سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے،حساس اداروں نے مارچ کے حوالے سے رپورٹس مرتب کرنا شروع کر دی ہیں۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق مارچ اور دھرنا تبلیغ کی طرز پر ہو گا۔ 10 سے 12 کارکنوں پر ایک جماعت ہوگی ، 2 خادم ہوں گے، خادم تبدیل ہوتے رہیں گے ہر جماعت مل جل کر امداد باہمی کے تحت پیسے اکٹھے کر کے مارچ میں شریک ہوگی اور کھانا وغیرہ پکائیں گے ۔

اسی طرح دھرنا اور مارچ کے اخراجات پورے کیے جائیں گے، گرفتاریوں پر خود بخود امیر بھی تبدیل ہو جائیں گے۔

جمیعت کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ممکن صورت گرفتاری سے بچا جائے اور ہر کارکن اپنی مالی حیثیت کے مطابق مارچ میں شریک ہوگا۔

جمعیت کے وکلا اور ڈاکٹروں کی ذمہ داری خدمت پر مامور ہوگی ۔ وکلااپنے کارکنوں کو مفت قانونی معاونت اور ڈاکٹر مفت طبی سہولت فراہم کریں گے جن کے ساتھ ابتدائی طبی امداد کاسامان ہمراہ ہو گا۔

مارچ سے قبل 100/100موٹر سائیکل سواروں کی ٹولیاں ملک بھر میں ریلیاں نکالیں گی جس میں کارکن پارٹی پرچم کے ساتھ ہونگے اورختم نبوت زندہ باد کے نعرے لگائیں گے۔

پلان کے مطابق یہ ضروری نہیں کہ 27اکتوبر کو ہی اسلام آباد پہنچا جائے آزادی مارچ یکم نومبر یا یکم کے بعد بھی پہنچ سکتا ہے۔

%d bloggers like this: