مئی 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیرخارجہ شاہ محمود سے برٹش ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات

دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے  مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

اسلام آباد: پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے ۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، برطانوی شاہی جوڑے کی دورہ ء پاکستان پر متوقع آمد و دیگر دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو لگا کر 80 لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور بلاجواز کرفیو کے فل الفور خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے ضمن میں کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں برطانوی شاہی خانوادے کی بہت تکریم ہے۔ برطانوی شاہی جوڑے، شہزادہ ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 2006 میں جب شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال پاکستان آئے تو ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ شاہی جوڑے کے دورہ ء پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے  مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

%d bloggers like this: